کمار کے مظاہروں سے گواسکر مایوس

   

نئی دہلی۔ کرکٹ لیجنڈ سنیل گواسکر کا خیال ہے کہ سینئر بولربھونیشورکمار کی ڈیتھ اوورز میں ناقص کارکردگی اگلے ماہ شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ہندوستان کے لیے حقیقی تشویش ہے۔بھونیشور نے پچھلے کچھ میچوں میں ڈیتھ اوورز میں بہت زیادہ رنز دیے ہیں۔ منگل کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھی انہوں نے 19ویں اوور میں16 رنز دیے جب آسٹریلیا نے کامیابی کے لیے 209 رنز کے ریکارڈ ہدف کا تعاقب کیا۔گواسکر نے اسپورٹس ٹوڈے کو بتایا کہ مجھے نہیں لگتا کہ بہت زیادہ اوس تھی۔ ہم نے فیلڈرز یا بولروں کو انگلیاں خشک کرنے کے لیے تولیے استعمال کرتے ہوئے نہیں دیکھا۔ یہ کوئی عذر نہیں ہے۔ ہم نے اچھی بولنگ نہیں کی۔ مثال کے طور پر وہاں 19 ویں اوور میں جوکچھ ہوا وہ حقیقی تشویش کی بات ہے۔ جب بھی گیند بھونیشور کمار جیسے تجربہ کار کے حوالے کی جاتی ہے، وہ ہر بار رنز دے رہا ہے۔ اس نے پاکستان، سری لنکا اور اب آسٹریلیا کے خلاف مایوس کیا ۔