کمبھ میلہ سے واپسی کے د وران حادثہ، حیدرآباد کے 8 افراد ہلاک

   

مدھیہ پردیش کے جبلپور میں یاتریوں کی منی بس اور ٹرک میں تصادم، چیف منسٹر کا اظہار رنج

حیدرآباد ۔ 11 ۔ فروری (سیاست نیوز) مدھیہ پردیش کے جبلپور میں پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں 8 افراد ہلاک ہوگئے جن کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ حیدرآباد کے ناچارم کے ساکن یاتری کمبھ میلہ سے واپس ہورہے تھے کہ ان کی منی بس کا ایک ٹرک سے تصادم ہوگیا جس کے نتیجہ میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔ مہلوکین کی شناخت نوین، باکرشنا سری رام، سنتوش کھنساری، ششی کانت کھنساری ، ٹی وی پرساد، ملا ریڈی، روی وانشیا کی حیثیت سے کی گئی ہے جبکہ وی سنتوش شدید طور پر زخمی بتایا گیا ہے۔ حادثہ کی اطلاع ملنے پر مقامی پولیس ناچارم میں مہلوکین کے مکانات پہنچ گئی اور تفصیلات حاصل کی جارہی ہے ۔ مدھیہ پردیش کے جبلپور ضلع میں قومی شاہراہ پر یاتریوں کی منی بس ٹرک سے ٹکراگئی جس میں سافٹ ویر انجنیئرششی کانت کا خاندان سوار تھا ۔ ابتداء میں منی بس کا رجسٹریشن نمبر دیکھ کر ہلاک ہونے والوں کا تعلق آندھراپردیش سے بتایا جارہا تھا لیکن بعد میں ان کے شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کی مدد سے ان کی شناخت کی گئی اور ان کے حیدرآباد کے ناچارم سے تعلق ہونے کی تصدیق کی گئی۔ یہ خاندان ہفتہ کے روز منی بس میں مہا کمبھ میلہ میں شرکت کیلئے روانہ ہوا۔ مہا کمبھ میلہ کی زبردست بھیڑ کو دیکھ کر انہوں نے دیگر مقامات جانے کے فیصلہ کو ترک کردیا اور حیدرآباد واپس ہورہے تھے کہ منی بس کا ڈرائیور توازن کھودیا اور بس حادثہ کا شکار ہوگئی۔پولیس نے بتایا کہ جبلپور ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 65 کیلو میٹر دور یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ 7 افراد کی برسر موقع موت ہوگئی۔مقامی پولیس نے وہاں پہنچ کر امدادی کام انجام دیئے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے اس حادثہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اطلاع ملتے ہی حکام کو چوکس کردیا اور زخمیوں کے بہتر علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی بھی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ تلنگانہ حکومت مدھیہ پردیش کے مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر متاثرین اور ان کے ارکان خاندان کو فوری مدد فراہم کرنے کیلئے تعاون کر رہی ہے۔ مرکزی وزیر کوئلہ و تلنگانہ بی جے پی کے صدر جی کشن ریڈی نے بھی اس حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے رنگا ریڈی اور میڑچل اضلاع کے ساتھ رابطہ کیا اور متاثرہ خاندانوں کی ضروری مدد کی ہدایت دی۔ ع