کمزور انگلینڈ کے خلاف پاکستان کو دوسرے ونڈے میں بھی شکست

   

لارڈز۔ کورونا وائرس کے باعث مشکلات کی شکار اور نئے کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترنے والی انگلینڈ کی ٹیم نے دوسرے ونڈے میں بھی پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں 0۔2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ کی ٹیم میچ میں مکمل حاوی دکھائی دی، اور مہمان ٹیم کو کھل کر کھیلنے نہ دیا اور 52 رنز سے فتح اپنے نام کی۔ دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ابتدا میں ہی انگلینڈ کی ٹیم 2 قیمتی وکٹوں سے محروم ہوگئی تھی، تاہم فل سالٹ کے 60 اور جیمز وینس کے 56 رنز کی بدولت میزبان ٹیم نے اپنا خسارہ کم کیا۔ ایک جانب پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی وکٹیں لیتے رہے تو دوسری جانب انگلش بیٹسمینوں کی جانب سے اپنی ٹیم کے لیے رنز بنا نے کا سلسلہ جاری رہا۔ لوور مڈل آرڈر بیٹسمین لوئس گریگوری کے 40 اور بائڈن کارس کے 31 رنز کی مدد سے انگلینڈ کی ٹیم 247 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی اور آل آؤٹ ہوگئی۔ حسن علی اسٹار بولر رہے جنھوں نے 51 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کا آوٹ کیا۔ ان کے علاوہ حارث رؤف دو جبکہ شاہین آفریدی، شاداب خان اور سعود شکیل فی کس ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹسمین کمزور انگلینڈ کے سامنے اپنی صلاحتیوں کے مطابق کھیل نہ پیش کرسکے۔ پاکستان کی جانب سے صرف سعود شکیل نے قابلِ ذکر کارکردگی دکھائی اور ٹیم کو جیت کے قریب لانے کی کوشش کی، انہوں نے 56 رنز بنائے۔ حسن علی نے 3 چھکوں کی مدد سے 31 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ بابر اعظم اور صہیب مقصود فی کس 19 اور شاداب خان کے 21 رنز بنا کر دیگر نمایاں بیٹسمین رہے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 195 رنز پر آؤٹ ہوگئی جس کے ساتھ ہی انگلینڈ نے 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔