کمزور طبقات سے یکساں سلوک ضروری، مظالم کیخلاف ناراضگی

   


ایس سی ، ایس ٹی کے نمائندوں کی راہول گاندھی سے ملاقات، کانگریس کے انتخابی منشور میں شمولیت کا تیقن

حیدرآباد۔/6نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے آج بھارت جوڑو یاترا کے حصہ کے طور پر ایس سی، ایس ٹی، او بی سی، خواتین اور سیلف ہیلپ گروپس سے تعلق رکھنے والے نمائندوں سے ملاقات کی اور مختلف امور پر بات چیت کی۔ انہوں نے ملک میں بڑھتے عدم مساوات، ذات پات کے نام پر امتیازی سلوک، سوشیل امپاورمنٹ، دلتوں اور خواتین پر مظالم اور خواتین کے مسائل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کانگریس کی جانب سے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کا یقین دلایا۔ راہول گاندھی نے تلنگانہ کے کانگریس قائدین کو ہدایت دی کہ ایس سی، ایس ٹی اور دیگر کمزور طبقات پر مظالم کے سلسلہ میں مکمل قانونی مدد فراہم کریں۔ انہوں نے ملک میں مظالم کے خاتمہ کیلئے فوری اقدامات کرنے حکومت سے مطالبہ کیا۔ اضلاع سدی پیٹ، ورنگل، عادل آباد، آصف آباد اور منچریال سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے شرکت کی۔ ایس سی طبقات پر مظالم کے بارے میں جہد کار آگمیا نے تفصیلات پیش کی اور کہا کہ گذشتہ چند برسوں میں مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ سرینواس گوڑ نے او بی سی طبقہ کی مردم شماری کو راہول گاندھی کی تائید پر اظہار تشکر کیا۔ او بی سی کیلئے علحدہ وزارت اور بجٹ کی مانگ کی گئی۔ سیلف ہیلپ گروپس کی نمائندگی کرتے ہوئے ایس لکشمی نے رعایتی شرحوں پر سابقہ اسکیمات کو بحال کرنے اور بلاسودی قرض کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ جوگن خواتین کی نمائندوں نے بھی اپنے مسائل پیش کئے۔ راہول گاندھی نے تیقن دیا کہ کمزور طبقات اور خواتین کے مسائل پر کانگریس جدوجہد کرے گی اور کانگریس کے انتخابی منشور میں انہیں جگہ دی جائے گی۔ اس موقع پر سینئر قائدین جئے رام رمیش، مانکیم ٹیگور، کے آر راجو، اتم کمار ریڈی، جیون ریڈی، بھٹی وکرامارکا اور مدھو یاشکی گوڑ موجود تھے۔ نظام پیٹ میں توقف کے دوران کیمپ میں یہ ملاقات کی گئی۔ راہول گاندھی سے آج میدک ضلع سے تعلق رکھنے والے مختلف مذاہب کے قائدین نے ملاقات کی۔ر