حیدرآباد /2 مارچ ( سیاست نیوز ) بہار سے کمسن بچوں کو شہر منتقل کرتے ہوئے ان سے خطرناک مزدوری کا کام لینے والے دو افراد کو ساؤتھ زون ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر پولیس ساؤتھ زون ٹاسک فورس مسٹر راگھویندر نے بتایا کہ دو افراد 30 سالہ ترون چودھری اور 27 سالہ سنتوش منگی ساکنان پٹیل نگر متوطن بہار کو گرفتار کرلیا ۔ چند سال قبل یہ دونوں حیدرآباد زندگی کے گذر بسر کے سلسلہ میں منتقل ہوتئے تھے اور یہاں پٹیل نگر کے علاقہ میں رہتے ہوئے چوڑیوں کی تیاری کا کام کرتے تھے ۔ ان دونوں نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے کمسن بچوں کو منتقل کیا اور ان سے چوڑیوں کی تیاری کی بھٹی کا کام لیتے ہوئے خطرناک مزدوری کروائی ۔ ماہانہ 5 ہزار روپئے تنخواہ پر ان بچوں کو بہار سے منتقل کر رہے تھے ۔ ساؤتھ زون ٹاسک فورس پولیس نے 14 سال سے کم عمر والے 14 بچوں کو ان کے چنگل سے آزاد کردیا ۔