نند سے انتقام لینے بھاوج کی حرکت، عبداللہ پور میٹ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد : نند سے بدلہ لینے کی خاطر دو ماہ کے شیرخوار کا قتل کرنے والی ایک خاتون کو پولیس نے گرفتار کرلیا جس نے نند کے دو ماہ کے بچے کو واٹر ٹینک میں ڈال کر اس کا قتل کردیا۔ اس ظالم عورت کو عبداللہ پور میٹ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر وی سوامی کے مطابق اور گنٹی شویتا 21 سالہ کو گرفتار کرلیا گیا جس نے گزشتہ رات بچہ کو ماں کی آغوش سے اغواء کرنے کے بعد اس کا قتل کردیاتھا۔ کل صبح کی اولین ساعتوں میں عبداللہ پور میٹ پولیس کو شکایت موصول ہوئی کہ دو ماہ کا بچہ رات سے لاپتہ ہے۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے دوران بچہ کی نعش کو مکان کی چھت پر موجود پانی کی ٹینک سے برآمد کرلیا اور تحقیقات کے بعد بچہ کی مامی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اس خوفناک واردات کے پس منظر کو بیان کرتے ہوئے بتایا کہ لتا اور ترو ملیش کی شادی 12 سال قبل ہوئی تھی اور لتا نے دو ماہ قبل ایک مرد بچہ کو جنم دیا اور روایتی طور پر اپنے مائیکے انجاپور عبداللہ پور میٹ میں تھی۔ لتا کے مائیکے میں والدین کے علاوہ اس کا بھائی بالراج اور بھاوج شویتا بھی رہتے تھے۔ تین ماہ قبل شویتا جو حمل سے تھی حمل میں بچہ کی صحت اور نشوونما درست نہ ہونے کو اس کا ابارشن کردیا گیا۔ شویتا تھائرائیڈ کا شکار تھی اور اولاد ہونے میں اس خاتون کو حائل دشواریاں اور بڑھ گئی تھیں۔ اس بات پر بچہ کی والدہ شویتا کی نند لتا اپنی بھاوج کی دل آزاری کررہی تھی اور بچے تولید نہ ہونے پر اس کا مذاق بنارہی تھی۔ اس بات سے شدید برہمی کا شکار خاتون نے نند سے بدلہ لینے کی ٹھان لی اور موقع کے انتظار میں تھی اور بچہ کو قتل کرنے کا اس نے منصوبہ بنالیا تھا۔ کل رات جب لتا اپنی والدہ کے ہمراہ بچے کو لے کر سورہی تھی، شویتا جاگ رہی تھی اس نے رات دیر گئے بچہ کو ماں کی گود سے لے لیا اور چھت پر چلی گئی۔ شویتا بچہ کو دم گھونٹ کر مارنا چاہتی تھی اس کی ناک بند کرنے کے بعد سینہ دباکر اس کو ہلاک کرنے کا منصوبہ رکھتی تھی لیکن بچہ رونے لگا اور اس نے پانی کی ٹانکی میں بچہ کو ڈال دیا اور5 منٹ تک بچہ کے مرنے کا انتظار کرتی رہی جس کے بعد وہ کمرے میں آکر سوگئی۔ پولیس نے شویتا کو عدالتی تحویل میں دیدیا۔