پراپرٹی ٹیکس معاف کرنے کے لیے یادداشت کی پیشکشی
حیدرآباد۔ 8 جون (سیاست نیوز) رکن پارلیمنٹ ملکاجگری اے ریونت ریڈی نے کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سے ملاقات کرتے ہوئے ملکاجگری پارلیمانی حلقے کے عوام کو پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی سے استثنیٰ دینے سے کا مطالبہ کیا۔ مقامی قائدین کے ساتھ ریونت ریڈی نے کمشنر جی ایچ ایم سی کو یادداشت پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا وباء کے سبب لاک ڈائون کے نتیجہ میں غریب اور متوسط طبقات کے علاوہ چھوٹے بیوپاری بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ معاشی صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاروباریوں، خانگی اسکولس و کالجس، ترکاری فروش، فروٹ کے بیوپاری، کرانہ، کنسٹرکشن و بلڈنگ مٹیرئیل، ہارڈ ویر اینڈ سانیٹری اور دیگر چھوٹے کاروباریوں کی جانب سے وہ نمائندگی کررہے ہیں کہ پراپرٹی ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے۔ کاروبار بند ہونے کے سبب روزانہ کے اخراجات کے لیے ترس رہے ہیں۔ لاک ڈائون نے غریب اور متوسط طبقات کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کئی ریلیف کام انجام دیئے گئے اسی طرح بحران کی صورتحال میں پراپرٹی ٹیکس سے استثنیٰ دیتے ہوئے غریب اور متوسط طبقات کی مدد کی جائے۔