کملا ہیریس کو 1.5 ملین ڈالرس کے عطایات

,

   

واشنگٹن۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی پہلی ہندوستانی نژاد سینیٹر کملا ہیرس نے 2020ء میں امریکی صدارتی انتخابات میں بطور امیدوار کا اعلان صرف 24 گھنٹے قبل کیا تھا اور آج حالت یہ ہے کہ انہوں نے 1.5 ملین ڈالرس جیسی خطیر رقم بھی جمع کرلی۔ یاد رہے کہ 54 سالہ کملا ہیریس نے 2020ء میں موجودہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف انتخابات لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر پیر کے روز اپنی مہم کا عملاً آغاز کردیا تھا اور یہ بھی کہا تھا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری کا اعلان ایک ایسے وقت کررہی ہیں جب مارٹن لوتھر کنگ جونیر ڈے سے منایا جارہا ہے جو خود ہندوستانی بابائے قوم گاندھی جی کی تعلیمات اور نظریات سے متاثر تھے۔ انہوں نے ABC کے ’’گڈ مارننگ امریکہ‘‘ نامی پروگرام میں یہ اعلان کیا تھا کہ وہ 2020ء میں ڈیموکریٹ کی صدارتی امیدوار ہوں گی اور اس طرح اندرون 24 گھنٹے امریکی مخیر حضرات نے جن کی تعداد 38,000 بتائی گئی ہے، ان کی مہم کے لئے 1.5 ملین ڈالرس بطور عطیہ دے دیئے جس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ آگے چل کر کملا ہیریس کا موقف اور مضبوط ہوگا۔ انہوں نے اس موقع پر تمام عطیہ کنندگان کا شکریہ ادا کیا۔ کملا ہیریس کو صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا زبردست نقاد تصور کیا جاتا ہے۔