l فلور ٹسٹ کا سوال نہیں l اپوزیشن کو شک ہو تو تحریک عدم اعتماد پیش کرے l چیف منسٹر مدھیہ پردیش کا دو ٹوک بیان
بھوپال ۔ 16 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام)چیف منسٹر مدھیہ پردیش کمل ناتھ نے پیر کی رات گورنر لال جی ٹنڈن سے ملاقات کی اور بعد میں ادعاء کیا کہ اُن کی حکومت کو اکثریت حاصل ہے ، اس لئے اسمبلی میں بی جے پی کے مطالبے کے مطابق فلور ٹسٹ منعقد کرنے کی ضرورت نہیں ۔ کمل ناتھ نے اپوزیشن پارٹی کو چیلنج بھی کیا کہ اُن کی پندرہ ماہ پرانی کانگریس حکومت کے خلاف اگر اُنھیں ایوان میں درکار عددی طاقت کی تائید حاصل ہونے کے بارے میں شک ہے تو وہ تحریک عدم اعتماد لے آئیں ۔ چیف منسٹر نے گورنر سے ملاقات تب کی جب آخرالذکر نے دن میں قبل ازیں ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے اُنھیں منگل کو فلور ٹسٹ منعقد کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ بجٹ سیشن آج شروع ہوا ہے ۔ گورنر نے اپنے مکتوب میں کہا تھا کہ فلور ٹسٹ کے انعقاد میں ناکامی کا مطلب ہوگا کہ چیف منسٹر کو ایوان اسمبلی میں اکثریت حاصل نہیں ۔ کمل ناتھ نے راج بھون کے باہر میڈیا والوں کو بتایا کہ ’’میں نے گورنر سے ملاقات کی اور بجٹ سیشن کے پہلے روز اُن کے خطبہ کے لئے اُن کا شکریہ ادا کیا ۔ ہمیں آج کی تاریخ میں اکثریت حاصل ہے ، لہذا فلور ٹسٹ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ وہ جو دعویٰ کررہے ہیں کہ ہمارے پاس اکثریت حاصل نہیں ، اُنھیں چاہئے کہ میری حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کریں تاکہ ایوان اسمبلی میں عددی طاقت کی آزمائش کرائی جاسکے‘‘۔ کمل ناتھ کی گورنر سے راج بھون میں ملاقات زائد از نصف گھنٹہ چلی ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ اُنھوں نے گورنر کے ساتھ موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا ہے ۔ کمل ناتھ نے دوبارہ الزام عائد کیا کہ 16 باغی کانگریس ایم ایل ایز کو بی جے پی نے ’’یرغمال‘‘ بنا رکھا ہے ۔ اس الزام کو اپوزیشن پارٹی نے بار بار مسترد کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ اُنھوں نے گورنر کو واقف کرایا کہ دستوری گنجائشوں ، قواعد اور طریقہ کار کے مطابق حکومت ہرچیز کے لئے تیار ہے۔ اپوزیشن کو بھی 16 یرغمال ایم ایل ایز (جو بنگلور میں ہیں ) واپس لاکر اُنھیں آزادی دینا چاہئے ۔ گورنر سے ملاقات سے قبل چیف منسٹر نے بھوپال میں اپنی قیامگاہ پر کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں حصہ لیا۔ قبل ازیں آج جیسے ہی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا آغاز ہوا ہنگاموں کے بیچ اجلاس کو 26 مارچ تک ملتوی کردیا گیا ۔ حکومت نے کہا کہ دوسری کئی ریاستوں میں کورونا وائرس کے پیش نظر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس ملتوی کئے گئے ہیں لیکن اپوزیشن بی جے پی نے ایوان میں اکثریت ثابت کرنے کیلئے حکومت پر زور دیا ۔ سابق چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ بی جے پی کے پاس اکثریت ثابت کرنے کیلئے ارکان کی مطلوبہ تعداد موجود ہے ۔ انھوں نے گورنر سے اپیل کی کہ وہ فوری فلور ٹسٹ کروانے کی ہدایت دیں۔ اس دوران بی جے پی کے 106 ارکان راج بھون پہنچ گئے اور فوری فلور ٹسٹ کروانے کا مطالبہ کیا۔ شیوراج سنگھ چوہان بھی اس مطالبہ کے ساتھ راج بھون پہنچ گئے۔ دریں اثناء اپوزیشن بی جے پی اس صورتحال کے خلاف سپریم کورٹ سے بھی رجوع ہوگئی اور اندرون 12گھنٹے فلور ٹسٹ کروانے کا مطالبہ کیا۔ سپریم کورٹ نے اس سلسلہ میں بی جے پی کی درخواست پر منگل کو سماعت سے اتفاق کرلیا ہے ۔ دوسری طرف چیف منسٹر کمل ناتھ نے گورنر لال جی ٹنڈن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہاکہ ایوان میں فلور ٹسٹ کروانا ممکن نہیں ہے کیونکہ کانگریس کے بعض ارکان کو بی جے پی نے اسیر بناکر رکھا ہے ۔ انھوں نے الزام لگایا کہ کرناٹک پولیس کی مدد سے کانگریس ارکان کو قیدی بنایا گیا ہے ۔