نئی دہلی ۔ کانگریس لیڈر کارتی چدمبرم نے اداکار کمل ہاسن کو سوپر نوٹا قرار دیا ہے اور کہا کہ اداکار کی جماعت ایم این ایم کو ٹاملناڈو اسمبلی میں ایک بھی نشست پر کامیابی نہیں ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی قابل بھروسہ پارٹی نہیں ہے ۔ انہوں نے انا ڈی ایم کے ۔ بی جے پی اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹاملناڈو کے عوام ایک ایسی حکومت نہیں چاہتے جو بی جے پی کے اثر میں کام کرے ۔ ریاست کے عوام کو ہندی ۔ ہندوتوا ایجنڈہ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ ریاست میں ڈی ایم کے ۔ کانگریس اتحاد کو 200 سے زائد نشستیں حاصل ہونگی اور وہ اقتدار حاصل کریں گی ۔ ریاست میں 6 اپریل کو ایک ہی مرحلے میں ووٹ ڈالے جانے والے ہیں۔ کارتی چدمبرم نے کہا کہ ریاست کے عوام ایسی حکومت نہیں چاہتے جو ٹامل جذبات کی ‘ ٹامل زبان کی اور ٹامل ورثہ کا احترام نہ کریں۔ عوام ایسی حکومت نہیں چاہتے جس پر بی جے پی کا سایہ ہو۔ انہوں نے ادعا کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور دوسروں کی جارحانہ مہم کے باوجود ریاست میں بی جے پی کو ایک بھی رکن اسمبلی دستیاب نہیں ہوگا اور نہ ہی کوئی رکن پارلیمنٹ دستیاب ہوگا ۔ اسمبلی اور پارلیمنٹ میں بی جے پی کی نمائندگی بالکل صفر ہوگی ۔