بنگلورو۔ 3 جون (ایجنسیز) معروف اداکار و سیاستدان کمل ہاسن کنڑ زبان پر دیے گئے متنازعہ بیان کے بعد شدید تنقید کی زد میں ہیں۔ کرناٹک ہائی کورٹ نے منگل کو ان کے بیان پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کو لوگوں کے جذبات کو مجروح کرنے کا ذریعہ نہیں بننے دیا جاسکتا۔ جسٹس ایم ناگاپراسنا کی سربراہی والی بنچ نے یہ تبصرہ اس وقت کیا جب کمل ہاسن نے اپنی فلم “ٹھگ لائف’’ کی کرناٹک میں ریلیز کے لیے پولیس تحفظ طلب کیا۔ عدالت نے دو ٹوک انداز میں پوچھا کہ جب انہوں نے خود کنڑ زبان کی اصل پر متنازعہ تبصرہ کیا ہے، تو وہ تحفظ کس بات کا مانگ رہے ہیں؟کمل ہاسن نے حالیہ دنوں میں ایک تقریب کے دوران کہا تھا کہ کنڑ زبان کی جڑ تمل زبان میں ہے۔ اس بیان کے بعد نہ صرف کرناٹک بلکہ دیگر ریاستوں میں بھی شدید احتجاج شروع ہو گیا، خاص طور پر بی جے پی اور کنڑ حامی تنظیموں نے ان پر سخت تنقید کی اور غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا۔