کمیونسٹ جماعتوں کا منوگوڑ میں جلسہ عام ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے کی اپیل

   

ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ، این ڈی اے حکومت کی کارکردگی مایوس کن
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : کمیونسٹ جماعتیں سی پی آئی اور سی پی ایم نے اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے چنڈور منڈل ہیڈکوارٹر پر ایک جلسہ عام کا انعقاد کرتے ہوئے ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی ۔ واضح رہے کہ دونوں کمیونسٹ جماعتوں نے ضمنی انتخاب میں پہلے ہی ٹی آر ایس کی تائید و حمایت کرنے کا اعلان کیا ۔ ایک جلسہ عام کا انعقاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ فرقہ پرست بی جے پی اور دولت کے گھمنڈ و تکبر میں مبتلا اس کے امیدوار کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کو شکست دینے کے لیے ٹی آر ایس کی تائید کررہے ہیں ۔ سی پی ایم تلنگانہ کے سکریٹری ٹی ویرا بھدرم نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے 8 سال کے دوران ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی کام نہیں کیا ۔ صرف مذہبی جذبات کا استحصال کرتے ہوئے عوام کے درمیان نفرت کی دیوار کھڑی کی ۔ کسانوں ، مزدوروں ، پسماندہ طبقات کے خلاف فیصلے کئے گئے ۔ 8 سال کے دوران ملک کے کسی بھی شہری کے بینک اکاونٹ میں 15 لاکھ روپئے جمع نہیں ہوئے ۔ سی پی آئی کے اسٹیٹ سکریٹری کے سامبا شیو راؤ نے کہا کہ نریندر مودی نے ہر سال 2 کروڑ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ 8 سال کے دوران 16 کروڑ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار ملنا چاہئے تھا ۔ مگر جو لوگ روزگار سے وابستہ تھے وہ بیروزگار ہوگئے ہیں ۔ روپئے کی قدر دن بہ دن گھٹتی جارہی ہے ۔ ملک میں غیر معلنہ معاشی بحران پیدا ہوگیا ۔ بیروزگار اور غربت کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت ریاست کی ترقی اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ اس لیے کمیونسٹ جماعتوں نے بی جے پی کو سبق سکھانے کے لیے ٹی آر ایس کے امیدوار کے پربھاکر ریڈی کی تائید کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس جلسہ عام میں سی پی ایم سنٹرل کمیٹی کے رکن سی ستیاراملو ، سی پی آئی تلنگانہ کے سابق اسٹیٹ سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی سابق ارکان اسمبلی این نرسمہا ریڈی ، جے رنگاریڈی ، پی وینکٹ ریڈی ، یویادگیری راؤ کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔۔ ن