نئی دہلی : ملک بھر کی کئی ریاستوں میں دس فروری سے ایم ڈی اے ۔آئی ڈی اے کی مہم محکمہ صحت کی جانب سے شروع کی جانے والی ہے ،ملک میں فلیریا کے خاتمے کیلئے پروگرام کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔ مہم کے دوران، محکمہ صحت کے کارکنان کی ٹیمیں لوگوں کو گھر گھر جا کر فلیریا کی دوائیں اپنی آنکھوں کے سامنے کھلائیں گی، تاکہ فلیریا جیسی خطرناک بیماری سے ملک کے باشندگان کو محفوظ رکھا جاسکے ۔ ہندوستان کی سات ریاستوں کے 26کمیونیٹی ریڈیو اسٹیشنوں سے آر جے (ریڈیو جاکی) اپنی مقامی زبان یا بولی میں عوام کو فلیریا کی دوائیں کھانے کی ترغیب “فروری دس، یاد رکھنا بس”کہہ کر دیں گے ۔ جس میں بہار، اترپردیس، اڈیشہ، مغربی بنگال، کرناٹک، چھتس گڑھ اور مدھیہ پردیش شامل ہیں۔اسمارٹ این جی او کررہی ہے تعاون: مذکورہ بالا تمام ریاستوں کی 26کمیونیٹی ریڈیو اسٹیشنوں کو، ملک کے طول وعرض میں کمیونیٹی ریڈیو کے ساتھ کام کرنے والی دہلی میں واقع اسمارٹ این جی او ہر ممکن تعاون کر رہی ہے ۔