شاہ عالم ۔ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک ویتنامی خاتون جس پر شمالی کوریا کے قائد کے سوتیلے بھائی کے قتل کا الزام ہے، کو ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے باوجود بھی رہائی نصیب نہیں ہوئی کیونکہ ملیشیائی حکام نے خاتون کیخلاف عائد کئے گئے قتل کے الزام سے دستبرداری سے انکار کردیا جبکہ کچھ روز قبل اس خاتون کی ایک ملیشیائی ساتھی خاتون کو بری کیا گیا ہے۔ اسی دوران کلیدی استغاثہ محمد اسکندر احمد نے شاہ عالم میں واقع ہائیکورٹ کو بتایا کہ اٹارنی جنرل کو 11 مارچ کو پیش کی گئی نمائندگی کے مطابق ہمیں حکم دیا گیا ہیکہ اس معاملہ میں مزید پیشرفت کی جائے۔ یاد رہیکہ 30 سالہ ڈوان تھی ہوانگ کیخلاف گذشتہ دیڑھ سال سے مقدمہ جاری ہے جسکے مطابق خاتون کو 2017ء میں کوالالمپور ایرپورٹ پر کم جونگ نام کے قتل کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔ اس موقع پر اس نے آبدیدہ آنکھوں سے رپورٹرس کو بتایا کہ وہ اس بات پر ناراض نہیں ہیکہ اسکی ساتھی خاتون سیتی کو بری کردیا گیا ہے۔ ہم دونوں یہ بات قسم کھا کے کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے کوئی قتل نہیں کیا ہے۔ ہوانگ نے اپنے دوست احباب اور رشتہ داروں سے اس کی عاجلانہ برأت کیلئے دعا کرنے کی درخواست کی۔