کنال میں شگاف کے مسئلہ پر اپوزیشن کے رویہ پر تنقید

,

   

کانگریس اور بی جے پی تعمیری رول ادا کریں، ہریش رائو کا مشورہ
حیدرآباد۔ وزیر فینانس ٹی ہریش رائو نے کونڈا پوچما ساگر کنال میں شگاف کے مسئلہ پر کانگریس اور بی جے پی کے رویہ پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے دونوں پارٹیوں کے قائدین کے بیانات پر سخت ناراضگی جتائی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں ایک نو تعمیر شدہ پراجکٹ بہہ گیا تھا لیکن اب کانگریس قائدین کنال میں شگاف پر غیر ضروری ہنگامہ کررہے ہیں۔ گجویل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش رائو نے الزام عائد کیا کہ کنال میں معمولی شگاف کو تنازعہ کی شکل دی جارہی ہے جبکہ عہدیدار مسئلہ کی یکسوئی میں مصروف ہیں۔ کالیشورم پراجیکٹ دنیا کا سب سے بڑا لفٹ ایریگیشن پراجیکٹ ہے اور حکومت پراجیکٹ کے ذریعہ فصلوں کو سیراب کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کانگریس دور حکومت میں پراجیکٹس کو ہوئے نقصان کا حوالہ دیا اور کہا کہ ایس آر ایس پی پراجیکٹ میں خامی کو کانگریس بھول چکی ہے۔ کھمم کا پالم واگو پراجیکٹ اور ایلم پلی پراجیکٹ کام کی تکمیل سے قبل بہہ گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گجرات کے سردار سروور پراجیکٹ میں 200 مرتبہ شگاف پڑا تھا۔ گجرات کا منوہرآباد ریلوے اسٹیشن بارش میں بہہ گیا تھا۔ کیا بی جے پی قائدین اسے وزیراعظم نریندر مودی کی ناکامی تصور کریں گے۔ ہریش رائو نے کہا کہ کے سی آر گوداوری کے پانی کے استعمال کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ کانگریس اور بی جے پی قائدین کو الزام تراشی بند کرتے ہوئے تعمیری اپوزیشن کا رول ادا کرنا چاہئے۔