حیدرآباد15مئی(یواین آئی) محبوب آباد توررو میونسپل آفس میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جب بقایہ بلوں کی ادائیگی نہ ہونے پر پرائیویٹ کنٹراکٹر نے دفتر کو تالہ لگا دیا۔ اس کنٹریکٹر جے شنکر نے بتایا کہ گزشتہ چار سالوں سے وہ میونسپلٹی کے زیر اہتمام بتکماں، دسہرہ اور دیگر تقاریب کیلیے سجاوٹ،ایل ای ڈی اور دیگر سہولیات فراہم کرتا آ رہا ہے ، لیکن تاحال اسے 16.80 لاکھ روپے کی ادائیگیاں نہیں ہوئی ہے ۔اس نے شکایت کی کہ وہ کئی بار میونسپل کمشنر شانتی کمار سے درخواست کر چکا ہے ، مگر کسی نے توجہ نہیں دی، جس کی وجہ سے وہ سخت مالی مشکلات کا شکار ہو چکا ہے ۔ اس معاملے پر کمشنر نے کہا کہ کنٹراکٹرنے ابھی تک مسئلہ ان کے علم میں نہیں لایا اور اس کے کام کیلئے کوئی ٹنڈر بھی موجود نہیں ہے ۔ پولیس میں شکایت درج کروائی جائے گی۔