ایجنسیوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ، ملازمین کی تفصیلات ڈیجٹلائزڈ کرنے کی ہدایت، ڈیجیٹل گورننس کیلئے عہدیداروں کی کمیٹی
حیدرآباد 7 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست میں ڈیجیٹل گورننس کو مستحکم کرنے کے لئے عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا۔ کمیٹی اندرون 100 دن حکومت کو رپورٹ پیش کرے گی۔ چیف منسٹر نے کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کی ہدایت دیتے ہوئے حکام سے کہاکہ وہ ایسی ایجنسیوں کے خلاف کارروائی کریں جو حکومت کے احکامات کے برخلاف کام کررہی ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس میں کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ مختلف محکمہ جات میں تنخواہوں کی بروقت عدم ادائیگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ تنخواہوں کی تاخیر سے ادائیگی کی صورت میں ایجنسیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین کی طرح ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو آؤٹ سورسنگ ایجنسیوں کو چاہئے کہ وہ تنخواہیں جاری کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے فنڈس کی اجرائی کے باوجود تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر افسوسناک ہے۔ چیف منسٹر نے ڈیجیٹل گورننس پر عمل آوری کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ڈیجیٹل گورننس کو مستحکم کرنے کے لئے منصوبہ بندی کریں اور ضروری قانون سازی کا مسودہ تیار کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ تمام محکمہ جات اور اُن کی خدمات کو مکمل ڈیجٹلائزڈ کیا جانا چاہئے۔ تلنگانہ حکومت عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے ذریعہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کی خواہاں ہے تاکہ ڈیجیٹل گورننس کے تحت استفادہ کنندگان تک مالی فوائد پہونچ سکیں۔ چیف منسٹر نے کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ کے علاوہ سرکاری ملازمین کی تفصیلات کے ڈیجٹلائزیشن کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مستقل اور عارضی ملازمین کی تمام تفصیلات کو ڈیجٹلائزڈ کرتے ہوئے ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہوں کی اجرائی کو یقینی بنائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ تمام کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین جو سرکاری محکمہ جات میں خدمات انجام دے رہے ہیں اُن کی تفصیلات کے ساتھ تنخواہ اور بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی ڈیجٹلائزڈ کی جائیں۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کو عوامی نمائندوں کی جانب سے شکایت کی گئی کہ ایجنسیاں کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کو مقررہ وقت پر تنخواہوں کی اجرائی سے گریز کررہے ہیں۔ اجلاس میں رکن راجیہ سبھا وی نریندر ریڈی، چیف منسٹر کے مشیر رام کرشنا راؤ، چیف سکریٹری سنجے جاجو، اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق جیش رنجن، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری وی شیشادری، نائب صدرنشین ڈاکٹر ایم چناریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ شانتی کماری، کمشنر پے ریویژن شیو شنکر، چیف سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ، سکریٹری پلاننگ گورو اپل اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔V/1 a/b/