کنٹونمنٹ بورڈ کی ترقی کے لیے حکومت عہد کی پابند

   

مرکزی حکومت فنڈز کی اجرائی نہیں کررہی ہے ، وزیر ٹی سرینواس یادو کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر سنیما ٹو گرافی ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کنٹونمنٹ کو ترقی دینے کے معاملے میں عہد کی پابند ہے ۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ کے دفتر میں رکن اسمبلی سائنا کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈ سی ای او اجیت ریڈی واٹر ورکس کے ای ڈی ستیہ نارائنا کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ وزیر ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ یکم فروری سے کنٹونمنٹ بورڈ کے حدود میں رہنے والے ہر گھر کو ماہانہ 20 ہزار لیٹر پینے کا پانی مفت تقسیم کیا جارہا ہے ۔ مفت پانی کی سربراہی سے ہر ماہ حکومت پر دیڑھ کروڑ روپئے کا مالی بوجھ عائد ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے حدود میں 4 لاکھ آبادی قیام پذیر ہے ۔ یہاں کے عوام کو حکومت کی فلاحی اسکیمات ، شادی مبارک ، کلیان لکشمی ، معذورین ، معمرین بیواؤں ، تنہا خواتین کو ماہانہ پنشن فراہم کیا جارہا ہے ۔ غریب عوام کے لیے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات کے علاوہ دوسری اسکیمات سے فائدہ پہونچایا جارہا ہے ۔ علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد کنٹونمنٹ علاقہ کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے چیف منسٹر کے سی آر بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں ۔ کنٹونمنٹ بورڈ پوری طرح مرکزی حکومت کے کنٹرول میں ہے ۔ مگر اس کی ترقی اور عوامی مسائل کی یکسوئی کے لیے مرکز کی جانب سے کوئی فنڈز جاری نہیں کئے جارہے ہیں ۔ یہاں تک کہ عوام سے وصول کئے جانے والے ٹیکس کو بھی ترقیاتی کاموں کے لیے استعمال نہیں کیا جارہا ہے ۔۔ ن