کنٹونمنٹ پارک میں آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کے مجسمہ کی تنصیب کی راہموار

   

حیدرآباد ۔30۔جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے کنٹونمنٹ کے پکٹ پبلک گارڈن میں سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے مجسمہ کی تنصیب کی راہ ہموار کردی ہے۔ مجسمہ کی تنصیب کے خلاف سماجی کارکن جی اوما مہیشور راؤ کی جانب سے داخل کی گئی مفاد عامہ کی درخواست کو ہائی کورٹ نے مسترد کردیا ۔ درخواست میں تعمیرات کو منہدم کرتے ہوئے آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کا مجسمہ نصب کرنے کی مخالفت کی گئی۔ کارگزار چیف جسٹس سجے پال اور جسٹس وائی رینوکا پر مشتمل بنچ نے درخواست کی سماعت کی ۔ درخواست گزار کے وکیل نے مرکزی حکومت اور گجرات حکومت کے درمیان سپریم کورٹ میں حالیہ مقدمہ کا حوالہ دیا جس میں سپریم کورٹ نے مجسموں کی تنصیب کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے۔ مرکز کی جانب سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل نرسمہا شرما نے کہا کہ آنجہانی اٹل بہاری واجپائی نے عالمی سطح پر ہندوستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔ ان کے مجسمہ کی تنصیب کے لئے 2022 میں اجازت دی گئی تھی۔ ایڈیشنل سالیسٹر جنرل نے واضح کیا کہ مجسمہ کی تنصیب سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ عدالت نے فریقین کی سماعت کے بعد مجسمہ کی تنصیب کے معاملہ میں مداخلت سے انکار کردیا اور مفاد عامہ کی درخواست کو مسترد کردیا۔ 1