کنٹونمنٹ کی سڑکیں کھول دینے کے ٹی آر کی وزیر دفاع سے اپیل

   

حیدرآباد۔ وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی مسٹر کے ٹی راما راو نے آج مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ سکندرآباد کے کنٹونمنٹ علاقہ میں بند کی گئی سڑکیں کھول دی جائیں۔ مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے نام ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ محکمہ دفاع کے حکام شہر کے عوام کو مشکلات کا شکار بنا رہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بارہا اور اکثر اچانک اور کسی اعلان کے بغیر اہم سڑکوں جیسے اے او سی روڈ ‘ گف روڈوغیرہ کو بند کیا جا رہا ہے جس کے نتیجہ میں شہریوں میں ناراضگی پیدا ہوئی ہے ۔ انہوں نے مرکزی وزیر دفاع سے اپیل کی کہ وہ ان سڑکوں کو کھول دینے کیلئے مداخلت کریں تاکہ عوام کو جو مشکلات پیش آرہی ہیں ان کا ازالہ ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ اکثر و بیشتر یہ سڑکیں کسی قبل از وقت اعلان کے بغیر بند کی جا رہی ہیں ۔ ان پر ٹریفک بھی زیادہ ہوتی ہے ۔ اچانک اور غیر معلنہ طور پر سڑکیں بند کئے جانے سے عوام کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔