کنٹینمنٹ زونس ‘کورونا مریضوں کو بیالٹ پیپر کی سہولت

   

حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد کے کنٹینمنٹ زونس میں رائے دہی کا اہتمام اسٹیٹ الیکشن کمیشن کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں ۔ ریاست میں اگرچہ کورونا کیسس کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن گریٹر حیدرآباد میں زائد کیسس ریکارڈ ہورہے ہیں۔ ایسے میں یکم ڈسمبر کو رائے دہی کے موقع پر الیکشن کمیشن کو خصوصی انتظامات کرنے پڑے ہیں۔ کورونا سے متاثرہ مریضوں کے لئے کمیشن نے پوسٹل بیالٹ کی سہولت فراہم کی ہے۔ ایسے افراد جو یکم نومبر کے بعد کورونا پازیٹیو پائے گئے ، وہ پوسٹل بیالٹ کی سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ کمیشن نے بتایا کہ ابھی تک 2000 رائے دہندوں نے پوسٹل بیالٹ کی سہولت حاصل کرلی ہے۔ کمیشن کے مطابق ایسے کورونا پازیٹیو مریض جنہوں نے پوسٹل بیالٹ کی سہولت حاصل نہیں کی ہے ، وہ متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں میں شام 5 تا 6 بجے درمیان حق رائے دہی سے استفادہ کرسکتے ہیں، انہیں ماسک اور فیس شیلڈ لگانا ہوگا۔ گریٹر حدود کے 20 سرکلس میں 63 کنٹینمنٹ زونس ہیں۔