کنٹینمنٹ علاقوں میں عوام کا مفت کورونا ٹسٹ کیا جائے

   

Ferty9 Clinic

خانگی ہاسپٹلس میں علاج کی اجازت کے فیصلہ میں تاخیر، جی نارائن ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/16 جون، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے ریاست کے تمام کنٹینمنٹ علاقوں میں عوام کا مفت کورونا ٹسٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پردیش کانگریس کے خازن جی نارائن ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے خانگی ہاسپٹلس اور لیابس کو کورونا ٹسٹ اور علاج کی اجازت سے متعلق فیصلہ کا خیرمقدم کیا تاہم کہا کہ یہ فیصلہ تاخیر سے کیا گیا ہے اور کورونا سے نمٹنے کیلئے حکومت کے یہ اقدامات ناکافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے خانگی ہاسپٹلس اور لیابس کو اجازت کے سلسلہ میں فیصلہ کرنے میں تاخیر کی ہے۔ اب جبکہ تلنگانہ میں کورونا تیزی سے پھیل چکا ہے حکومت نے اس وقت یہ فیصلہ کیا جب برسراقتدار پارٹی کے نمائندے کورونا کا شکار ہوئے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 6 اپریل کو کانگریس نے چیف منسٹر سے اپیل کی تھی کہ خانگی لیابس اور ہاسپٹلس کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کریں۔ اس وقت تلنگانہ میں 334 پازیٹیو کیسس تھے اور اموات کی تعداد 11 تھی۔ حکومت نے گائیڈ لائنس کی اجرائی میں 69 دن لگادیئے اور مریضوں کی تعداد 5000 سے تجاوز کرچکی ہیں اور اموات 185 ہوگئیں۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کے 3 ارکان اسمبلی، ریاستی وزراء راجندر اور ہریش راؤ کے اسٹاف اور میئر کے پرسنل اسٹاف میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ دراصل کمیونٹی ٹرانسمیشن کی علامت ہے۔