ممبئی : کنگنا راناوت اپنے آبائی شہر منالی سے ممبئی پہنچ گئی ہیں ۔ زبردست سیکورٹی کے بیچ انہیں ممبئی لایا گیا ۔ ممبئی میں ایئرپورٹ پر کنگنا کے خلاف شیوسینا کے کارکنوں نے زبردست احتجاج کیا اوران کے خلاف سیاہ جھنڈیاں بھی دکھائی گئیں ۔ کنگنا کو مرکز کی طرف سے وائی زمرے کی سیکورٹی حاصل ہے اور ایئرپورٹ تک جاتے وقت وہ سی آر پی ایف جوانوں کے حفاظتی گھیرے میں نظر آئیں ۔ ممبئی میں کنگنا کی آمد سے ایک نیا تنازعہ کھڑا ہونے کا امکان ہے کیونکہ بی ایم سی نے کہا ہے کہ وہ کنگنا کے ممبئی پہنچتے ہی انہیں ایک ہفتہ کیلئے قرنطینہ میں بھیج دے گی ۔ تاہم ، کنگنا کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہماچل میں کورونا ٹسٹ کرایا ہے اور ان کی رپورٹ منفی آئی ہے ۔ ممبئی روانگی سے قبل کنگنا نے ٹوئٹ کیا تھاکہ وہ 9ستمبر کو ممبئی روانہ ہورہی ہیں ، اگر کسی میں ہمت ہے تو انہیں روک کر دکھائے ۔ کنگنا رناوت کے ہماچل پردیش سے ممبئی پہنچنے سے قبل ہی بی ایم سی برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے پالی ہلز علاقہ میں واقع کنگنا کے دفتر کے خلاف کارروائی شروع کردی ۔ اس کاروائی سے کنگنا بری طرح سے بوکھلا گئی ہیں اور ایک مرتبہ پھر ممبئی کاموزانہ پاکستان اور پی او کے سے کرتے ہوئے بی ایم سی کی کارروائی کو بابر کی کارروائی قرار دیا اور پولیس کو بابر کی فوج قرار دیا ۔ کنگنا نے غیر مہذب الفاظ میں کہا ’’ اُدھو ٹھاکرے ، تجھے کیا لگتا ہے… ‘‘