’’حقیقی آزادی‘‘ 2014 ء میں حاصل ہوئی، 1947 ء میں بھیک ملی تھی۔ یہ ریمارک غداری کیوں نہیں: ورون گاندھی
ممبئی ؍ پٹنہ ؍ نئی دہلی : تنازعات پیدا کرنے کی ماہر کنگنا رناوت پھر ایک بار شہ سرخیوں میں آگئی ہے۔ اِس مرتبہ کنگنا نے ہندوستان کی آزادی کے بارے میں ریمارکس کئے ہیں۔ بالی ووڈ کی اداکارہ ٹائمس ناؤ سمٹ 2021 میں مہمان مقرر کے طور پر شریک ہوئی جہاں اُس نے جدوجہد آزادی کے تعلق سے اظہار خیال کیا اور بیان کیاکہ ہندوستان کو 1947ء میں آزادی بطور ’بھیک‘ حاصل ہوئی اور ’حقیقی آزادی‘ تو 2014 ء میں ملی۔ اِس سمٹ سے متعلق کنگنا کا ویڈیو ٹوئٹر پر وائرل ہوگیا ہے۔ ویڈیو کلپ میں کنگنا کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ساورکر، لکشمی بائی یا نیتاجی بوس کی بات کریں تو یہ شخصیتیں جانتی تھیں کہ خون ضرور بہے گا لیکن یہ ہندوستانی خون نہیں ہونا چاہئے۔ اُنھیں اِس کا خوب اندازہ تھا۔ اُنھوں نے بلاشبہ اُس کی قیمت ادا کی۔ وہ آزادی نہیں تھی، وہ بھیک تھی۔ اور جو آزادی ملی ہے وہ 2014 ء میں ملی ہے۔ جیسے ہی سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو کلپ وائرل ہوا، کئی نٹیزنس (انٹرنیٹ صارفین) نے شدید ردعمل ظاہر کیا اور کہاکہ کنگنا کا پدم شری ایوارڈ واپس لیا جانا چاہئے۔ 8 نومبر کو ہی یہ ایوارڈ صدرجمہوریہ رامناتھ کووند نے راشٹرپتی بھون میں عطا کیا تھا۔ خود بالی ووڈ کی سوارا بھاسکر نے اپنے ردعمل میں لکھا کہ کون احمق ہے جو ایسے ریمارکس پر (سمٹ میں) تالیاں بجاتے رہے۔ سیاسی گوشے سے سابق چیف منسٹر بہار جیتن رام مانجھی، سابق مرکزی وزیر ششی تھرور اور خود بی جے پی ایم پی ورون گاندھی نے بھی کنگنا کے احمقانہ تبصرے کا سخت نوٹ لیا ہے۔ ورون نے ٹوئٹ کیاکہ اُنھیں حیرانی ہورہی ہے اور یہ سمجھنا مشکل ہورہا ہے کہ اِسے پاگل پن کہیں یا غداری قرار دیں۔ کنگنا کی باتیں گاندھی جی اور بے شمار مجاہدین آزادی کی قربانیوں کی توہین ہے۔ مانجھی نے صدر کووند سے اپیل کی کہ کنگنا سے پدم شری ایوارڈ چھین لیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ کنگنا کے خلاف خاموشی اختیار کی جائے تو پوری دنیا پر یہ پیام جائے گا کہ گاندھی جی، جواہرلال نہرو، مولانا ابوالکلام آزاد، بھگت سنگھ، سردار پٹیل اور دیگر نے آزادی کے لئے بھیک مانگی جو انگریزوں نے عطا کردی۔ مانجھی نے ٹوئٹ کیاکہ کنگنا کو اِس قسم کی باتوں پر شرم آنا چاہئے۔ ششی تھرور نے کہاکہ شہریوں کے لئے اظہار خیال کی آزادی کا یہ مطلب نہیں کہ کچھ بھی ریمارک کیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ جدوجہد آزادی کے تعلق سے تبصرے نظرانداز نہیں کئے جاسکتے۔
