کوئلہ کی کانوں کا ہراج تلنگانہ کی ترقی کے مغائر ‘ بی سمن

   

حیدرآباد۔ 11 ڈسمبر ( این ایس ایس ) ٹی آر ایس نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ میں سنگارینی کالریز میں کوئلہ کی چار کانیں فروخت کر رہی ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹی آر ایس رکن اسمبلی اور وہپ بی سمن اور دوسروں نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ کی ترقی کو روکنے کیلئے یہ ہراج کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت عمدا ریاستی حکومت کو مشکلات کا شکار کر رہی ہے ۔ کوئلہ کی کانوں کو فروخت کرنے کا فیصلہ در اصل تلنگانہ کے ترقی کے مغائر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ٹی آر ایس حکومت نے ترقیاتی راستہ کو اختیار کیا ہے اور ریاست تیزی سے ترقی کر رہی ہے ایسے میں مرکزی حکومت مخالفانہ روش اختیار کرتے ہوئے رکاوٹیں پیدا کرنے میں مصروف ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئلہ کی کانوں کو فروخت کرنے کے خلاف چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ مرکزی حکومت کو مسلسل مکتوب روانہ کر رہے ہیں لیکن مرکز کی جانب سے اس پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا جا رہا ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کی ترقی سے خائف ہے ۔