نریندر مودی اور امیت شاہ کے خلاف کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن سے درخواست
حیدرآباد ۔ 11۔ مئی (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی محمد فیروز خاں نے وزیراعظم نریندر مودی کو چیلنج کیا کہ وہ کمزور طبقات کے تحفظات کو ختم کر کے دکھائیں ۔ انہوں نے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے کانگریس امیدوار ڈی ناگیندر کے حق میں نامپلی کے مختلف بلدی ڈیویژنس میں پد یاترا کے ذ ریعہ عوام سے ملاقات کی ۔ گروپ میٹنگس سے خطاب کرتے ہوئے فیروز خاں نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس ملک میں دستور منسوخ کرتے ہوئے تحفظات ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور بی جے پی کی یہ سازش ہرگز کامیاب نہیں ہوگی کیونکہ ملک کے عوام نے اس مرتبہ کانگریس زیر قیادت انڈیا الائنس کو برسر اقتدار لانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم تحفظات کی مخالفت کرتے ہوئے نریندر مودی اور امیت شاہ سماج کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ تلنگانہ میں فرقہ پرست طاقتوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے اور لوک سبھا چناؤ میں بی جے پی کو سکندرآباد کے علاوہ دیگر حلقہ جات میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی حکومت نے تعلیمی اور معاشی پسماندگی کی بنیاد پر مسلمانوں کو تحفظات فراہم کئے تھے اور یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر دوران ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی طاقت مسلمانوں کے دستوری حقوق کو چھین نہیں سکتی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے گزشتہ 10 برسوں میں سکندرآباد کے اقلیتی رائے دہندوں کے مسائل کی یکسوئی پر کوئی توجہ نہیں دی ۔ مسلمانوں کی بستیوں میں ترقی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ مرکزی اسکیمات سے مسلمانوں کو فائدہ پہنچانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک میں سیکولرازم کے تحفظ کے لئے راہول گاندھی کے ہاتھ مضبوط کریں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں وزیراعظم اور مرکزی وزیر داخلہ کی اشتعال انگیز تقاریر پر الیکشن کمیشن کو کارروائی کرنی چاہئے۔ 1