کوتوال گوڑہ میں ایکو پارک کا سنگ بنیاد

   


حمایت ساگر اور عثمان ساگر کو سیاحتی مقام بنایا جارہا ہے: کے ٹی آر
شمس آباد ۔ 11 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد کے موضع کوتوال گوڑہ میں ایکو پارک کا سنگ بنیاد آئی ٹی منسٹر کے ٹی آر نے رکھا ۔ اس سے قبل انہوں نے خصوصی پوجا میں شرکت کی ۔ کے ٹی آر نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہر حیدرآباد اور آوٹر رنگ روڈ کے قریب حمایت ساگر اور عثمان ساگر کے قریب ایکو پارک تعمیر کیا جارہا ہے ۔ 2018 میں کئے گئے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے آج دونوں مقامات پر سنگ بنیاد رکھا گیا ۔ عثمان ساگر میں 35 کروڑ روپئے کی لاگت سے اور حمایت ساگر میں تقریبا 100 ایکڑ اراضی پر تقریبا 300 کروڑ روپیوں سے عالیشان پیمانے پر تعمیر کیا جائے گا ۔ پارک کی خصوصیت یہ رہے گی کہ 2.5 کلو میٹر طویل واک تعمیر کیا جائے گا ۔ پرندوں کے لیے چھ ایکڑ اراضی پر Aviary اویری 100 فٹ روڈ ، پارکنگ کی سہولت کے ساتھ ہوٹلس وغیرہ تعمیر کئے جائیں گے ۔ انہوں نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ جی او 111 کو ہم نے برخاست کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ اس وعدے کو بھی ہم نے پورا کیا ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم حمایت ساگر اور عثمان ساگر کو گندگی سے بچائیں اور اس کی حفاظت کریں ۔ شہر حیدرآباد تیزی سے ترقی کررہا ہے ۔ حیدرآباد سے ایکو پارک کا فاصلہ کافی کم ہے اور اس کی تعمیر کے بعد ہزاروں کی تعداد میں عوام یہاں سیر و تفریح کے لیے آئیں گے ۔ اس موقع پر ضلع پریشد چیرپرسن انیتا ریڈی ، ایم ایل سی مہیندر ریڈی ، راجندر نگر رکن اسمبلی پرکاش گوڑ اور ٹی آر ایس قائدین موجود تھے ۔۔