کوداڑ میں ضعیف شخص سے 44 ہزار روپئے اُڑالینے کا واقعہ

   

حیدرآباد۔/4 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ضلع سوریہ پیٹ کے کوداڑ ٹاؤن میں واقع آندھرا بینک کے احاطہ میں ایک ضعیف شخص کی توجہ ہٹا کر 44 ہزار روپئے اُڑالے جانے کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ کوداڑ منڈل کاپوگل موضع سے تعلق رکھنے والے ایک ضعیف العمر شخص وینکٹا نے گزشتہ دن اپنی ضروریات کے پیش نظر آندھرا بینک مین برانچ کوداڑ پہنچ کر ایک لاکھ روپئے نکالے اور رقم نکال لینے کے بعد وہیں قریب میں پہنچ کر رقم کی گنتی کررہے تھے کہ ایک نامعلوم شخص نے وہاں پہنچ کر اس ضعیف شخص کی توجہ اپنی طرف مبذول کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے نوٹوں کو شیرا لگا ہواہے اور باہر بازار میں شیرا لگے ہوئے نوٹوں کو قبول نہ کرنے کا اظہار کیا اور رقم کی گنتی کرنے کی خواہش کرتے ہوئے رقم کی گنتی کے دوران دو ہزار روپئے کے 22 نوٹوں کو اُڑالیا اور ماباقی رقم حوالہ کرکے راہ فرار اختیار کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ضعیف العمر شخص نے نوٹوں کی کمی کا اندازہ لگاتے ہوئے دوبارہ نوٹوں کی گنتی کرنے پر جملہ 44 ہزار روپئے اڑالئے جانے کا پتہ چلا۔ جس پر اس شخص نے ٹاؤن پولیس اسٹیشن پہنچ کر واقعہ کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے شکایت درج کروائی جس پر سب انسپکٹر پولیس مسٹر کرانتی کمار نے کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا اور توجہ ہٹاکر 44 ہزار روپئے اُڑا لے جانے والے نوجوان کی تلاش شروع کردی۔