کورسٹی سے آوٹر رنگ روڈ تک سڑکوں کا جال پھیلانے کی منصوبہ بندی

,

   

ایچ ایم ڈی اے چار سیکٹر کے قیام کے لیے کوشاں ، مستقبل کی ٹریفک کے پیش نظر حکمت عملی
حیدرآباد :۔ شہر حیدرآباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کو باقاعدہ بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ تلنگانہ کے دارالحکومت کا تاج کہلانے والے آوٹر رنگ روڈ کے اطراف و اکناف کارپوریشنس ، میونسپلٹیز اور گرام پنچایتوں میں بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ آوٹر رنگ روڈ کے اطراف و اکناف منی شہر بڑی تیزی سے وجود میں آرہے ہیں ۔ جس کے تحت کورسٹی سے آوٹر رنگ روڈ تک سڑکوں کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایچ ایم ڈی اے ) نے خصوصی منصوبہ بندی تیار کی ہے ۔ کورسٹی سے او آر آر تک ایک کامپرنسیو روڈ کنکٹیویٹی روڈ تعمیر کرنے کی حکمت عملی کو قطعیت دی گئی ہے ۔ شمس آباد تا پٹن چیرو ، پٹن چیرو تا شاہ میر پیٹ ، شاہ میر پیٹ تا پدا عنبر پیٹ ( وجئے واڑہ ہائی وے ) ، پدا عنبر پیٹ ( وجئے واڑہ ہائی وے ) تا شمس آباد تک کو چار مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ۔ ان چار سیکٹرس میں سڑکوں کو مربوط کر کر کے تفصیلی رپورٹ تیار کرنے کے لیے کنسلٹنسی کی خدمات سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کنسلٹنسی کی جانب سے دی گئی رپورٹ پر سروے کیا جائے گا ۔ ابھی سے ریڈیل روڈس ، گرڈ روڈس ، انر روڈس ، متبادل روڈس ( لنک روڈس ) کی تعمیرات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ سڑکوں کی توسیع نئے سڑکوں کی تعمیرات سے بڑی حد تک ٹریفک مسائل ہونے کا امکان ہے ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے ایچ ایم ڈی اے کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے جاری تعمیری و ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کی ٹریفک اور اس کے مطابق سڑکوں کے جال کو پھیلانے کی منصوبہ بندی تیار کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ کے ٹی آر کی ہدایت کے مطابق ہی سڑکوں کے جال کو پھیلانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔۔