حیدرآباد ۔ 14 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : اسمبلی میں کورم کے مسئلہ پر حکمران کانگریس اور اصل اپوزیشن بی آر ایس کے درمیان معمولی نوک جھونک ہوگئی ۔ صبح 10 بجے سے جیسے ہی اسپیکر اسمبلی کی جانب سے بجٹ پر مباحث کے آغاز کا اعلان کیا گیا بی آر ایس کے رکن اسمبلی ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی میں کورم نہیں ہے ۔ لہذا پہلے کورم مکمل کریں ۔ اس کے بعد ہم مباحث میں حصہ لیں گے ۔ وزیر امور مقننہ ڈی سریدھر بابو نے درمیان میں مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ 119 کے منجملہ 12 ارکان ایوان میں موجود ہوتے ہیں تو مکمل کورم تصور کیا جاتا ہے ۔ جب کہ ایوان میں 18 ارکان ہیں اور کورم بھی مکمل ہے ۔ لہذا ایوان کی کارروائی جاری رکھی جائے ۔ کورم کا بہانہ کرتے ہوئے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی ایوان کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی سرینواس یادو نے کہا کہ ہم اسپیکر اسمبلی سے تعاون کرنے کے لیے مکمل تیار ہیں اور ہر مسئلہ پر سیاست کرنے کا بھی کوئی ارادہ نہیں رکھتے ۔ کڈیم سری ہری نے کہا کہ وہ اسپیکر سے اپیل کررہے ہیں وقت پر اسمبلی کی کارروائی کا آغاز کریں کورم مکمل رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار نے کہا کہ اسمبلی میں کورم مکمل ہے ۔ لہذا وہ بی آر ایس سے خواہش کرتے ہیں کہ بجٹ پر مباحث کا آغاز کریں ۔۔ 2