ہارورڈ یونیورسٹی بند، ہندوستان میں تمام سیاحتی ویزے 15 اپریل تک معطل
اقوام متحدہ ۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کوروناوائرس کو وبا قرار دیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس گیبریاسیس نے کہا کہ کووڈ ۔ 19 کورونا کو وبا میں شمار کیا جاسکتا ہے۔ اس سے پہلے کورونا کی وجہ سے اتنے بڑے پیمانے پر وبا نہیں پھیلی تھی۔ کورونا کا پھیلاؤ اور شدت خطرناک ہے۔ ہمیں وبا کے پھیلاؤ، اس کی شدت اور اس حوالہ سے کچھ اقدامات نہ کرنے پر تشویش ہوئی ہے۔ ایران میں یہ وبا تیزی سے پھیل گئی ہے۔ کوروناوائرس سے نمٹنے کیلئے ایران کے پاس مؤثر آلات نہیں ہے اس کے باوجود ایران نے اس وبا پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ جرمن کی چانسلر انجیلا مرکل نے کہا کہ اس وائرس سے جرمنی کی 60 سے 70 فیصد آبادی متاثر ہوسکتی ہے۔ عالمی سطح پر بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے کوروناوائرس کے نتیجہ میں پوری دنیا میں تعلیمی نظام بری طرح مفلوج ہوا ہے۔ امریکہ کے سب سے بڑی اور مشہور یونیورسٹی ہارورڈ نے کوروناوائرس کے باعث تعطیلات میں توسیع کرتے ہوئے فاصلاتی تعلیم پروگرام شروع کردیئے ہیں۔ یونیورسٹی کو بند کردیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی نیویارک میں اپنے دفتر کو بند کردیا ہے۔ یہاں پر سیاحتی اور مطالعاتی ٹور پر پابندی لگادی گئی ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوگریک نے کہا کہ یو این سکریٹریٹ میں کام کرنے والے 300 ملازمین کوروناوائرس سے محفوظ ہیں۔ ہندوستان نے بھی 15 اپریل تک تمام سیاحتی ویزوں کو معطل کردیا ہے۔ اس وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ کابینی سکریٹری نے کہا کہ تمام ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں میں کوروناوائرس کو روکنے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ اقدامات عالمی صحت تنظیم ڈبلیو ایچ او کی جانب سے کوروناوائرس کو وبا قرار دیئے جانے کے بعد کئے گئے ہیں۔ تمام موجودہ ویزوں کو معطل کیاجارہا ہے تاہم سفارتکاروں، عہدیداروں اور اقوام متحدہ کے بین الاقوامی تنظیموں کے ملازمین پر پابندی نہیں ہوگی۔
سعودی سے واپسی کے بعد کرناٹک کا شہری فوت
بنگلورو ۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے شہری جو 10 دن قبل سعودی عرب سے واپس ہوئے تھے، کا انتقال ہوگیا۔ 76 سالہ محمد حسین صدیقی کے تعلق سے کہا گیا ہیکہ ان کی یہ موت کوروناوائرس سے ہوئی ہے یا نہیں اس کی تصدیق کی جارہی ہے۔ کرناٹک حکومت نے کہا کہ وہ 29 فبروری کو سعودی عرب سے واپس ہونے کے فوری بعد علیل ہوگئے۔ ان کے گلے میں خراش ہونے پر پونے روانہ کیا گیا جہاں ان کا کورونا وائرس انفکشن ٹسٹ کیا گیا۔ رپورٹ کا انتظار ہے۔
