کوروناکے روک تھام کیلئے سخت ترین اقدامات

   

کاماریڈی میں محکمہ صحت ، پولیس ریونیو کے اشتراک سے سروے کا کام جاری
کاماریڈی :2؍ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر مسٹر شرتھ نے بتایا کہ کورونا وائرس سے روک تھام کیلئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے ہیں ۔ ضلع میں صرف تین پازیٹیو کیس درج ہوئے ہیں ۔ ایک کاماریڈی کے دیون پلی میں دوسرے بانسواڑہ میں دو کیس درج ہوئے ہیں ۔ کورونا وائرس کی وباء پھیلنے کے بعد سخت ترین اقدامات کرتے ہوئے ضلع بھر میں 104 ٹیموں کو تشکیل دیتے ہوئے 25 ہزار خاندانوں کے سروے کئے گئے ۔ صرف بانسواڑہ میں ہی 50 ٹیم تشکیل دیتے ہوئے 9 ہزار خاندانوں کے سروے کئے گئے۔ محکمہ صحت عامہ اور پولیس، ریونیو اور عوامی منتخب نمائندوں کے اشتراک سے سروے کے کام کو انجام دیا گیا اور صفائی و دیگر کاموں کو انجام دیا جارہا ہے ۔ ضلع بھر میں 507 راشن شاپ کے ذریعہ فی کس 12 کیلو چاول فراہم کئے جارہے ہیں ۔ ضلع ایس پی شویتا ریڈی نے بتایا کہ وباء کے پھیلنے کے بعد پولیس کی جانب سے سخت ترین اقدامات کئے گئے اور روک تھام کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ عوام بے وجہ باہر نہ نکلیں سڑکوں پر بے وجہ گھومنے کی صورت میں ان کی گاڑیاں ضبط کی جائے گی ۔ ۔ ضلع کلکٹر مسٹر شرتھ نے بتایا کہ کورونا وائرس کی ڈیوٹیوں میں لاپرواہی کرنے والے عہدیداروں کیخلاف بھی کاروائی کی جارہی ہے ۔ کاماریڈی کے بی بی پیٹھ ، مدنور ، پٹلم ذرائع عہدیداروں کو وجہ نما نوٹس جاری کی گئی ۔ مدنور تحصیلدار کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے ۔ انہوں نے عوام سے گھروں تک محدود رہنے کی اپیل کی ۔