کابینی سکریٹری راجیو گوبا کی چیف سکریٹریز سے ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔ مرکزی کابینی سکریٹری راجیو گوبا ( آئی اے ایس ) نے تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریز کے ساتھ موجودہ کورونا صورتحال پر ویڈیو کانفرنس منعقد کی۔ کنٹینمنٹ علاقوں میں لاک ڈاؤن پر عمل آوری کے اقدامات، ٹسٹ کی صلاحیتوں میں اضافہ اور کورونا کے مریضوں کا پتہ چلانے اور ٹسٹنگ میں عصری ٹکنالوجی کے استعمال جیسے اُمور پر بات چیت کی گئی۔ کیبنٹ سکریٹری نے کہا کہ جہاں تک ممکن ہوسکے اموات کی تعداد کم کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے۔ چیف سکریٹریز شخصی طور پر صورتحال کا جائزہ لیں اور کورونا سے بچاؤ کے آلات،
N95
ماسک اور دیگر انفراسٹرکچر کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے بتایا کہ ریاست میں ٹسٹوں کی سہولت میں اضافہ کیا گیا ہے اور کنٹینمٹ زونس کی نگرانی سختی کے ساتھ کی جارہی ہے۔ سنٹرل ٹیم کے دورہ کے بعد کئی قدم اٹھائے گئے۔ ویڈیو کانفرنس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندرریڈی، اسپیشل چیف سکریٹری ہیلت شانتی کماری، پرنسپل سکریٹری جی اے ڈی وکاس راج، پرنسپل سکریٹری ہوم روی گپتا اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔