کورونا بحران، آئی ایم ایف کی پاکستان کیلئے ہنگامی امداد

   

واشنگٹن ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نئے کورونا وائرس سے نمٹنے کی خاطر عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کے لیے تقریباً 1.4 بلین ڈالر کا ہنگامی قرضہ منظور کر لیا ہے۔ اس عالمی وبا کی وجہ سے پاکستانی معیشت کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔پاکستان کو ہنگامی بنیادوں پر دی جانے والی امداد کا مقصد نئے کورونا وائرس کی عالمی وبا میں پاکستانی معیشت کو سہارا دینا ہے۔ دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے ملکی اقتصادیات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ اس تناظر میں وزیرا عظم عمران خان نے عالمی رہنماؤں سے اپیل بھی کی تھی کہ وہ غریب ممالک کا قرضہ معاف کریں یا انہیں ری شیڈول کر دیا جائے۔جمعرات کی رات عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے ‘ریپڈ فنانسنگ انسٹرومنٹ‘ (آر ایف آئی) پروگرام کے تحت پاکستان کے لئے 1.386 بلین ڈالر کو ہنگامی امدادی قرضہ فراہم کرنے کا اعلان کیا۔