کورونا بحران سے نمٹنے کانگریس لیڈرکا موقف قابل ستائش

,

   

بی جے پی کی آدھی کامیابی راہول گاندھی کی امیج بگاڑنے سے ہوئی ، یہ کام اب بھی جاری ہے: سامنا

ممبئی۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں کانگریس اور این سی پی کی تائید سے برسراقتدار شیوسینا نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی ہفتہ کو ستائش کی اور کہا کہ کورونا وائرس وباء پر انہوں نے مثبت موقف اختیار کیا ہے اور یہ بتایا دیا کہ ایک ذمہ دار اپوزیشن پارٹی کو بحران کے دوران کس طرح کا رویہ اختیار کرنا چاہئے۔ شیوسینا نے مزید کہا کہ راہول گاندھی نے مفاد عامہ کے تحت موقف اپنایا اور اپنی سیاسی پختہ کاری کا مظاہرہ کیا جب انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی کے ساتھ ان کے اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن یہ جھگڑے کا وقت نہیں ہے کیونکہ ملک کو وباء کے خلاف متحدہ طور پر لڑنے کی ضرورت ہے۔ شیوسینا کے ترجمان مراٹھی روزنامہ ’سامنا‘ نے اپنے اداریہ میں لکھا کہ راہول گاندھی اور وزیراعظم مودی کو ملک کے فائدے کیلئے اس وباء کے بارے میں دوبدو بات چیت کرنا چاہئے۔ ادھو ٹھاکرے کی زیرقیادت جماعت شیوسینا نے مزید کہا کہ راہول گاندھی کے بارے میں چند مختلف نظریات ہوسکتے ہیں، اس طرح وزیراعظم مودی اور امیت شاہ کے بارے میں بھی نظریات پائے جاتے ہیں۔ بی جے پی کی آدھی کامیابی تو محض راہول گاندھی کا امیج مسخ کرنے سے ہوئی ہے اور یہ کام آج بھی جاری ہے، لیکن ستائش تو راہول گاندھی کی کرنا چاہئے، کیونکہ انہوں نے موجودہ بحران میں صحیح موقف اختیار کیا ہے، انہوں نے ایک ضابطۂ اخلاق قائم کیا ہے جس میں بتایا ہے کہ جب ملک بحران سے گذرتا ہے تو کسی اپوزیشن جماعتوں کو کیسا رویہ اختیار کرنا چاہئے۔