کورونا بلیٹن یومیہ اساس پر جاری کیا جائے

   

وائرس کے پھیلاو سے روکنے سخت چوکسی ضروری : ہائیکورٹ
حیدرآباد۔ محکمہ صحت تلنگانہ کی جانب سے کورونا مریضوں کی ہفتہ واری تفصیلات جاری کرنے کے فیصلہ کو آج اس وقت شدید دھکہ لگا جب ہائی کورٹ نے حکومت کو ہدایت دی کہ 26 فروری جمعہ سے کورونا مریضوں کی نشاندہی ‘ علاج ‘ اموات اور دیگر تفصیلات یومیہ اساس پر جاری کی جائیں۔ محکمہ صحت نے گذشتہ دنوں فیصلہ کیا تھا کہ کورونا سے متعلق تفصیلی رپورٹ ہفتہ میں ایک مرتبہ پیش کی جائے گی اور کہا گیا تھا کہ روزانہ کورونا بلیٹن کی اجرائی کا سلسلہ ترک کردیا جائے گا ۔ حکومت کے اعلان کے بعد ہائی کورٹ نے نوٹ لیتے ہوئے محکمہ صحت کو ہدایات دی کہ کورونا وائرس کے روزانہ بلیٹن کے سلسلہ کو جاری رکھیں۔ ہائی کورٹ نے تلنگانہ میں کورونا صورتحال پر سماعت کے دوران کرناٹک اور مہاراشٹرا میں کورونا کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر تلنگانہ میں احتیاط کو مزید بہتر بنانے اور چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ دو پڑوسی ریاستوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت کو چوکسی کی ضرورت ہے اس کے علاوہ حکومت کو ٹیکہ اندازی کیلئے رجسٹریشن کی وسیع تشہیر کی ہدایت دی گئی ۔ حکومت کی جانب سے عدالت کو ریاست میں کورونا معائنوں کی تفصیلات پیش کرکے واقف کروایاگیا کہ 25جنوری سے 12فروری کے دوران 1لاکھ 3ہزار737 آر ٹی پی سی آر معائنے اور 4لاکھ 83ہزار266 اینٹی جین معائنے کئے گئے ۔ عدالت نے حکومت سے سیرم سروے رپورٹ کے متعلق تفصیل دریافت کی جس پر حکومت کی جانب سے 3جون 2020 سے ڈسمبر تک سیرم سروے کی رپورٹ پیش کی ۔ عدالت نے سیرم سروے کی جلد تکمیل اور ادارہ کی سفارشات و تجاویز پر عمل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ حکومت کو موجودہ حالات میں کورونا بلیٹن کی اجرائی میں کوئی کوتاہی نہیں کرنی چاہئے اور یومیہ بلیٹن جاری کرنا چاہئے ۔