کورونا خوف کے احتیاط سے وبائی امراض پر قابو

   


گذشتہ سال ڈینگو کے 3366 معاملات جاریہ سال گھٹ کر 346 تک محدود
حیدرآباد :۔ کورونا وباء کے احتیاط سے گریٹر حیدرآباد میں دوسرے وبائی امراض کے واقعات میں بڑی حد تک کمی آئی ہے ۔ ڈینگو واقعات میں 10 گنا کمی آئی ہے ۔ گذشتہ سال 2019 میں ڈینگو کے 3366 واقعات پیش آئے جو جاریہ سال گھٹ کر 346 واقعات پیش آئے ۔ ملیریا کے گذشتہ سال 81 کیسیس درج ہوئے جو جاریہ سال گھٹ کر اس کی تعداد صرف تین تک پہونچ گئی ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عوام نے کورونا کے خوف سے زیادہ احتیاط کیا اور قوت مدافعت کی غذا کا زیادہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں دوسرے وبائی امراض پر قابو پانے میں کامیابی ملی ہے ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سال 2020 جنوری سے ابھی تک ڈینگو کے گریٹر حیدرآباد میں 346 کیسیس درج ہوئے جن میں 271 مشتبہ کیسیس ہیں ۔ صرف 75 ڈینگو پازیٹیو کیسیس کی حیثیت سے نشاندہی ہوئی ہے ۔ گذشتہ سال 2019 میں ریکارڈ سطح پر 3366 ڈینگو کیسیس درج ہوئے جن میں 1960 مشتبہ کیسیس اور 1406 پازیٹیو کیسیس کی حیثیت سے نشاندہی کی گئی ۔ درجنوں متاثرین کی موت بھی واقع ہوئی لیکن رواں سال ڈینگو واقعات میں بڑی حد تک کمی آئی ہے ۔ جہاں تک ملیریا کا معاملہ ہے گذشتہ سال 2019 میں 81 کیسیس اور جاریہ سال صرف تین کیسیس درج ہوئے ۔ ماہرین طب کا کہنا ہے کہ کورونا وباء سے عوام چوکنا ہوگئے ہر کوئی گھروں تک محدود ہونے کے علاوہ اپنے گھروں کے علاوہ اطراف واکناف کے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے پر زیادہ توجہ دی ہے ۔ اس کے علاوہ قوت مدافعت میں اضافہ کرنے کیلئے تغذیہ بخش غذاؤں کے ساتھ وٹامن سی اور ڈی رہنے والے میوہ جات اور ساتھ ہی ادویات کا بھی زیادہ استعمال کیا ۔ جس سے موسمی اور وبائی امراض پر بڑی حد تک قابو پایا گیا ۔ گذشتہ سال روزانہ 40 تا 50 افراد وائرل فیور سے کلینکس کو پہونچا کرتے تھے جو جاریہ سال ان کی تعداد گھٹ کر 5 تا 10 تک پہونچ گئی ۔۔