کورونا سے ایک دن میں سب سے زیادہ 199 پازیٹیو کیس

,

   

۔ 196 مقامی مریضوں میں 122 کا جی ایچ ایم سی حدود سے تعلق ‘ 3 مائیگرنٹس
حیدرآباد 31 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ میں آج اتوار کو ایک دن میں اب تک کے سب سے زیادہ کورونا پازیٹیو کیس سامنے آئے ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج ایک دن میں جملہ 199 کورونا پازیٹیو کیس سامنے آئے ہیں جن میں 196 پازیٹیو کیس مقامی ہیں جبکہ 3 مائیگرنٹس یا بیرون ملک سے واپس آنے والے متاثرین ہیں۔ علاوہ ازیں آج ایک دن میں کورونا سے مزید پانچ افراد کی موت واقع ہوگئی ہے ۔ اس طرح اب تک ریاست میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 82 تک جا پہونچی ہے ۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ اب تک ریاست میں جملہ 2264 مقامی افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ تارک وطن یا بیرون ملک سے آنے والے جملہ 434 افراد کورونا متاثر ہوئے ہیں۔ اس طرح اب تک کے جملہ متاثرین کی تعداد 2698 تک جا پہونچی ہے ۔ جو 196 مقامی کیس ہیں ان میں جی ایچ ایم سی کے حدود میں 122 کیس درج ہوئے ہیں جبکہ ضلع رنگا ریڈی سے 40 کیسیس سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح محبوب نگر سے تین کیس اور میڑچل سے 10 کیس پازیٹیو قرار پائے ہیں۔ کھمم سے 9 جگتیال سے تین ‘ میدک سے تین ‘ ورنگل اربن سے دو کیس اور سوریہ پیٹ ‘ نرمل ‘ یادادری اور جنگاوں سے ایک کورونا پازیٹیو کیس سامنے آیا ہے ۔

آج تین مائیگرنٹس بھی کورونا سے متاثر قرار پائے ہیں۔ ریاست میں اب تک 82 اموات کورونا کی وجہ سے ہوئی ہیں جبکہ 1428 افراد کو علاج اور صحتیابی کے بعد گھروں کو بھیج دیا گیا ہے ۔ اسی طرح جملہ 1188 افراد ہنوز دواخانوں میں زیر علاج بتائے گئے ہیں۔ جو سرکاری اعداد و شمار ہیں ان کے مطابق اب تک جملہ 192 مائیگرنٹس کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 212 بیرونی ممالک سے واپس بھیجے گئے افراد ہیں جو کورونا متاثر قرار پائے ہیں۔ ریاستی حکومت کے بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ اب تک حکومت ہند نے 458 افراد کو بیرون ملک سے ریاست منتقل کیا ہے اور ان میں 212 کورونا متاثر پائے گئے ہیں۔ دیگر افراد کو بھی سرکاری قرنطینہ مراکز میں رکھا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ بیرونی ریاستوں سے کثیر تعداد میں مائیگرنٹس تلنگانہ پہونچ رہے ہیں اور ان میں بھی 192 افراد میں کورونا وائرس مثبت پایا گیا ہے ۔بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ 10 سال سے کم عمر کے بچے اور 60 سال سے زیادہ عمر کے معمر افراد کورونا سے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ ماسک کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ ماسک نہ پہننے پر ان پر جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے ۔ کام کے مقامات پر سینیٹائزر فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ یہاں فاصلہ کی برقراری کو بھی یقینی بنایا جانا چاہئے ۔