کورونا سے بچاؤ کیلئے دیسی چکن کے استعمال میں اضافہ حیدرآباد میں 350 سے 400 روپئے فی کیلو فروخت

   

حیدرآباد۔12جولائی (سیاست نیوز) شائقین چکن میں برائیلر کے بجائے اب دیسی چکن کے استعمال کے رجحان میں اضافہ ہوتا جا رہاہے۔ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے چکن کے استعمال کا مشورہ دئیے جانے کے بعد دونو ںشہروں حیدرآبادوسکندرآباد میں دیسی مرغ کے استعمال میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور دیسی مرغ کی طلب میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے شہر کے نواحی و مضافاتی علاقوں میں دیسی مرغ کے فارم لگائے جانے لگے ہیں۔ دیسی چکن جو کہ شہر حیدرآباد میں 350 سے 400 روپئے فی کیلو فروخت کیا جا رہاہے اس چکن کی طلب میں ہونے والے اضافہ کے سبب بیشتر تاجرین کی جانب سے برائیلر کے ساتھ ساتھ دیسی چکن کی فروخت کو بھی یقینی بنانے کی کوشش کی جار ہی ہے۔ برائیلر جو کہ 130تا 140 روپئے فی کیلو فروخت کی جا رہی ہے اس چکن کی مانگ تقاریب کی حد تک ہونے لگی ہے جبکہ گھریلو استعمال میں دیسی چکن کا استعمال تیزی سے فروغ پانے لگا ہے۔ مرغ کے تاجرین نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں دیسی چکن کا استعمال کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن اس کی قیمت اور پکوان میں ہونے والی تاخیر کے سبب بڑی تعداد میں شہریوں کی جانب سے برائیلر کو ترجیح دی جاتی تھی لیکن کورونا وائرس کی وباء کے بعد قوت مدافعت میں اضافہ کے لئے شہریوں میں دیسی چکن کے استعمال کا رجحان بڑھنے لگا ہے۔ دیسی مرغیوں کے حصول کے لئے تاجرین کی جانب سے نہ صرف شہر کے اطراف کے فارم سے دیسی مرغ حاصل کیا جا رہاہے پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے مواضعات سے بھی دیسی مرغ شہر لائے جانے لگے ہیں۔تلنگانہ کے مواضعات جہاں دیسی مرغ کی پرورش کی جاتی ہے ان علاقوں سے بھی دیسی مرغ کی خریدی کی جا رہی ہے اور شہر میں فروخت کی جانے لگی ہیں۔