حیدرآباد۔14 ۔جولائی (سیاست نیوز) کورونا سے فوت ہونے والے صحافیوں کے پسماندگان کو حکومت کی جانب سے دو لاکھ روپئے مالی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ میڈیا اکیڈیمی کے صدرنشین الم نارائنا نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ جرنلسٹ ویلفیر فنڈ کے ذریعہ یہ امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے فوت ہونے والے صحافیوں کے افراد خاندان 25 جولائی تک میڈیا اکیڈیمی کے پاس اپنی درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے فوت ہونے والے صحافیوں کے خاندانوں کو سابق کی طرح پانچ سال تک ماہانہ 2 تا 3 ہزار روپئے کا پینشن حاصل ہوگا۔ فوت ہونے والے صحافی کے افراد خاندان میں دسویں جماعت سے کم تعلیم حاصل کرنے والے دو بچوں کو ماہانہ ایک ہزار روپئے امداد دی جارہی ہے ۔
