کورونا سے فوت ہونے والے 63 صحافیوں کے خاندانوں کو 2 لاکھ کی امداد

   

دیگر وجوہات سے فوت ہونے والے 34 صحافیوں کی مدد، 15 ڈسمبر کو چیکس کی تقسیم
حیدرآباد۔/7 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کورونا سے فوت ہونے والے صحافیوں کے ارکان خاندان کو فی کس 2 لاکھ روپئے کی امداد کا ریاستی حکومت نے اعلان کیا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ میڈیا اکیڈیمی کے صدرنشین الم نارائنا نے بتایا کہ میڈیا اکیڈیمی کے ذریعہ 15 ڈسمبر کو امدادی رقم متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے فوت ہونے والے 63 صحافیوں کے خاندانوں کو امداد کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ الم نارائنا نے کورونا میں خدمات انجام دیتے ہوئے فوت ہونے والے صحافیوں کے خاندانوں کی بھلائی کی فکر کرنے پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا۔ مارچ سے 6 ڈسمبر تک 7 مہینوں میں مختلف وجوہات سے فوت ہونے والے 34 صحافیوں کے خاندانوں میں فی کس ایک لاکھ روپئے کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ کورونا کی دوسری لہر میں فوت ہونے والے صحافیوں کے خاندانوں سے ابھی تک 63 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ درخواستوں کی جانچ کے بعد منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مارچ میں فوت ہونے والے 3 صحافیوں کے خاندانوں کو اضافی امداد کے طور پر مزید 3 لاکھ روپئے امداد دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف عوارض کے تحت دواخانوں میں علاج کے اخراجات برداشت کرنے سے محروم 4 صحافیوں کو فی کس 50 ہزار روپئے کے امدادی چیکس تقسیم کئے جائیں گے۔ جملہ 101 استفادہ کنندگان میں ایک کروڑ 62 لاکھ روپئے کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ امدادی رقم کے علاوہ ہر خاندان کو 3 ہزار روپئے وظیفہ منظور کیا گیا ہے۔ کورونا وباء کے دوران پولیس، صفائی عملہ اور ہیلت ورکرس کے ساتھ صحافیوں نے بھی فرنٹ لائن واریئرس کی طرح خدمات انجام دی۔ الم نارائنا نے کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں حکومت صحافیوں کے خاندانوں کی مدد نہیں کررہی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے یہ منفرد پہل کی ۔ میڈیا اکیڈیمی کی جانب سے ابھی تک 3909 افراد کے منجملہ پہلے مرحلہ میں 133 افراد میں 20 ہزار روپئے کی امداد جبکہ ہوم کورنٹائن میں 87 افراد کو فی کس 10 ہزار روپئے کی امداد دی جاچکی ہے۔ دوسرے مرحلہ میں 2269 افراد میں فی کس 10 ہزار روپئے کی امداد تقسیم کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیا اکیڈیمی کے ذریعہ کورونا وباء کے دوران جملہ 5 کروڑ 56 لاکھ روپئے تقسیم کئے گئے۔ر