کورونا سے لڑنے موم بتی روشن کریں

,

   

اتوار 5 اپریل رات 9 بجے 9 منٹ کیلئے گھروں کی لائٹ بند کردیں ، عوام پر وزیراعظم کا زور

نئی دہلی 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج عوام پر زور دیا کہ وہ اتوار 5 اپریل کو رات 9 بجے 9 منٹ کیلئے اپنے گھروں کی لائٹ بند کرکے کورونا وائرس کے خلاف روشنی کریں۔ موم بتی جلائیں، دیا جلائیں یا موبائیل فون سے روشنی کریں۔ اُنھوں نے کورونا وائرس کو شکست دینے کے لئے عوام سے 11 منٹ کے ویڈیو پیام میں کہاکہ سماجی دوری کے لکشمن ریکھا کو برقرار رکھیں اور اپنے گھروں میں ہی رہیں۔ روشنی کرنے کے دوران گروپ میں جمع نہ ہوں۔ اِس پیغام کا مقصد بظاہر اِس بات کو یقینی بنانا ہے کہ 22 مارچ کی شام عوام سڑکوں پر نکل کر جس طرح تھالی اور تالی بجانے کے لئے جمع ہوئے تھے، اِس مرتبہ اِس کا احیاء نہ ہونے پائے۔ وزیراعظم نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی بڑی تعداد جاریہ لاک ڈاؤن کے دوران گھروں میں تنہا رہنے کو بیزارگی محسوس کررہے ہیں۔ لیکن اِس بحران کے دوران عوام کو احتیاط کرنا ضروری ہے۔ نریندر مودی نے تھالی، تالی اور جنتا کرفیو کے بعد کورونا کی وباء سے لڑنے کا ایک اور نسخہ پیش کیا۔ اِس پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے۔ مودی نے کہاکہ کورونا کے بحران سے جو تاریکی اور غیریقینی پیدا ہوئی ہے اُس سے باہر نکلنے کے لئے روشنی جلاکر یہ پیغام دینا ضروری ہے کہ ہم بہت جلد اِس تاریکی سے باہر نکلنے والے ہیں۔ ہمیں اپنے طور پر یہ احساس پیدا کرنا ضروری ہے کہ ہم اِس لڑائی میں تنہا نہیں ہیں بلکہ سارا ملک ہمارے ساتھ ہے۔ عوام اپنے ذہنوں میں اُن غریبوں کا خیال بھی رکھیں جو لاک ڈاؤن کے دوران شدید مشکلات اور مصائب کا سامنا کررہے ہیں۔ اِن کی مدد کریں اور ان کی زندگی میں کورونا وائرس سے پھیلے اندھیرے کو دور کریں۔