کورونا سے لڑی جانے والی جنگ میں ٹیکہ بہت بڑا ہتھیار

   

س45سال مکمل کرنے والے تمام شہری بلا خوف و جھجک ٹیکہ لیں ۔ ہریش راؤ کا مشورہ
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ کورونا کی جنگ میں سب سے بڑا ہتھیار ٹیکہ ہے ۔ 45 سال مکمل کرنے والے ہر شہری بغیر کسی خوف و شک و شبہات کے فوری اپنے قریبی ٹیکہ اندازی مراکز پہونچکر کورونا کا ویکسین لیں اور کورونا سے لڑی جانے والی جنگ میں حکومت سے تعاون کریں ۔ عوام کے تعاون کے بغیر کورونا سے جنگ جتنا ممکن نہیں ہے ۔ کورونا پہ قابو پانے کے لیے حکومت کی جانب سے تمام احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ٹسٹوں اور ٹیکہ اندازی کی مہم میں تیزی پیدا کردی گئی ہے ۔ متاثرین کا بہتر علاج کرنے اور ان کے رابطہ میں رہنے والوں کی شناخت کرتے ہوئے ان کا بھی ٹسٹ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے سدی پیٹ کے وینچی آڈیٹوریم میں ڈبل بیڈ روم مکانات تقسیم کرتے ہوئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ کے عوام کو موثر طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے 2.50 کروڑ کے مصارف سے ڈائیگناسٹک ہب اور 2 کروڑ 20 لاکھ روپئے کے مصارف سے سی ٹی اسکان کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ اس سے بھر پور استفادہ کرنے کا عوام کو مشورہ دیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنا علاج سرکاری ہاسپٹلس میں کرائے جہاں تمام طبی سہولتیں موجود ہیں ۔ ہریش راؤ نے کورونا کی وباء تیزی سے پھیلنے کا دعویٰ کرتے ہوئے عوام کو کوویڈ 19 کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل کرنے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے پر زور دیا ۔ اس کے علاوہ تلگو عوام کو سال نو اُگادی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت کی جانب سے غریب عوام بالخصوص خواتین کو ایک روپیہ کے خرچ کے بغیر تمام عصری سہولتوں سے آراستہ ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم کئے جارہے ہیں ۔ مزید 1000 ڈبل بیڈ روم مکانات مستحقین میں تقسیم کئے جائیں گے ۔ تلنگانہ میں تمام اہل افراد کو ماہانہ 2000 روپئے آسرا پنشن دیا جارہا ہے ۔ جب کہ بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں صرف 500 روپئے پنشن دیا جارہا ہے ۔۔