نئی دہلی۔17مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندرمودی نے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کو آج صلاح دی کہ کورونا وائرس کووڈ 19 جیسی مہلک وبا سے نمٹنے کے لئے پارٹی کوئی سیاسی یا تنظیمی مہم اور پروگرام نہ چلائے اور مہاماری کی روک تھام کیلئے بیداری مہم میں فعال کردارادا کرے ۔ مودی نے یہاں پارلیمنٹ کی لائیبریری میں منعقد پارلیمانی پارٹی کی ہفتہ وار میٹنگ میں یہ اپیل کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہاکہ بی جے پی کو تب تک کوئی بھی سیاسی یا تنظیمی مہم یا پروگرام نہیں کرنے چاہئے جب تک کہ اس مہاماری کا خاتمہ نہ ہوجائے ۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اس مہاماری سے بچنے کے لئے بیداری مہم میں حصہ لیں۔ مودی نے کہاکہ اس وقت ہمیں کسی قسم کی اختلاف کو ظاہر نہیں کرنا چاہئے اور پوری طرح متحد ہوکر کام کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ پیغام پارٹی میں نیچے تک جانا چاہئے اور اس پر سنجیدگی سے عمل ہوناچاہئے ۔