نئی دہلی: ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس ‘کووڈ19’سے 123 مریضوں کی موت ہوئی ہے اور اس معاملہ میں مہاراشٹر اور کیرالا کے لوگوں کے لئے زیادہ مہلک ثابت ہوا۔اس عرصے کے دوران مہاراشٹر میں 32 افراد کی موت ہوئی ، جبکہ کیرالا میں 20 افراد ہلاک ہوئے ۔ ان دونوں ریاستوں کو چھوڑ کر کسی بھی ریاست یا مرکز کے زیر کنٹرول علاقوں میں مرنے والوں کے اعداد و شمار دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچ سکے ۔جمعرات کی صبح مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 11،666 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، جس سے ملک میں متاثرین کی تعداد ایک کروڑ سات لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے ۔
اسی عرصے کے دوران 14،301 مریض صحت مند ہوئے اور اب یہ تعداد ایک کروڑ تین لاکھ 73 ہزار 606 ہوگئی۔ فعال کیسز 2،758 سے گھٹ کر 1،73،740 رہ گئے ہیں۔ اسی عرصے کے دوران 123 مریض فوت ہوئے جس سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 53 ہزار 847 ہوگئی۔ ملک میں شفایابی کی شرح 96.94 فیصد ، فعال کیسز کی شرح 1.62 فیصد جبکہ اموات کی شرح اب بھی 1.44 فیصد ہے ۔