کورونا سے نمٹنے میں رکاوٹ کا پردہ فاش کرنے چیف منسٹر سے مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

حکومت خامیوں کی پردہ پوشی کررہی ہے، بھٹی وکرامارکا کا الزام
حیدرآباد۔/9 جون، ( سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ کورونا وائرس سے نمٹنے میں رکاوٹ پیدا کرنے والے سازشیوں کے بارے میں عوام کو واقف کرائیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ چیف منسٹر نے کل جائزہ اجلاس میں کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت کورونا وائرس پر قابو پانے کی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو چاہیئے کہ وہ سازشیوں کے بارے میں عوام کو واقف کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے سازش کا الزام عائد کررہی ہے۔ لاک ڈاؤن اور پھر غیر منصوبہ بند طریقہ سے نرمی کے ذریعہ کے سی آر حکومت نے عوام کو وائرس کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ حکومت نے عوام کے تحفظ کی ذمہ داری سے منہ موڑتے ہوئے خود عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کورونا سے بچنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف میں کورونا کا پھیلاؤ باعث تشویش ہے۔ حکومت کی جانب سے درکار حفاظتی کٹس اور دیگر ضروری آلات کی عدم فراہمی کے نتیجہ میں ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کورونا کا شکار ہوا اور اس تعداد میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ چیف منسٹر اور وزراء اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں ناکام ہوچکے ہیں اور صرف بیانات اور گائیڈ لائنس کی اجرائی پر ہی اکتفاء کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر نمائندگی کیلئے ریاستی وزراء کو فون کرنے پر کوئی جواب نہیں دیا جاتا۔ بھٹی وکرامارکا نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ سنگین وباء سے نمٹنے کے سلسلہ میں اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے منصوبہ بندی کریں۔