مابعد کووڈمختلف ممالک میں معیشت کو بہتر بنانے موثر تیاریاں ضروری: ورلڈ بینک
واشنگٹن: ورلڈبینک نے آج خبردار کیا ہیکہ کورونا وائرس کے وباء کے باعث 2021ء تک ساری دنیا میں زائد از 150 ملین افراد شدید غربت کا شکار ہوں گے۔ مابعد کوویڈ کئی ممالک کو مختلف معاشی تیاریاں کرنے کی ضرورت ہوگی۔ جو ممالک معاشی انحطاط کا شکار ہیں، انہیں سرمایہ کاری، لیبر اور اختراعی اقدامات کے علاوہ ماہرین کو فروغ دینے کی ضرورت ہوگی۔ کوویڈ۔19 وباء سے اندازہ لگایا جاسکتا ہیکہ 88 ملین تا 115 ملین افراد اسی سال شدید غربت کا شکار ہوں گے جبکہ 2021ء تک یہ تعداد بڑھ کر زائد از 150 ملین ہوجائے گی۔ غربت کا انحصار ملکوں کی معاشی سرگرمیوں پر مبنی ہوگا۔ عالمی سطح پر غربت کی شرح 2020ء میں 7.9 فیصد تک گرنے کی توقع ہے۔ وباء اور عالمی کساد بازاری سے دنیا کی 1.4 فیصد آبادی کو شدید غربت کا سامنا ہوگا۔ ورلڈ بینک گروپ کے صدر ڈیویڈ مالپس نے کہا کہ ان تمام شدید اور سنگین مسائل کے پیش نظر ترقیاتی عمل کو پیش کرنا ہوگا۔ غربت کو کم کرنے کیلئے کئی ممالک کو مابعد کوویڈ معاشی سرگرمیوں میں شدت لانی ہوگی۔ جو ممالک پہلے سے ہی غریبی کا شکار ہیں وہاں پر غریب عوام کی شرح میں اضافہ ہوگا۔ 82 فیصد ایسے ممالک متاثر ہوں گے جہاں کی متوسط آمدنی بہت کم ہوگی۔ امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں شامل ہوگا جہاں پر زائد از 7.5 ملین کورونا کے کیسیس ہوئے ہیں اور 2 لاکھ 10 ہزار اموات ہوئی ہیں۔ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کوویڈ۔19 نے ساری دنیا کی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے کہا ہیکہ اس وباء کی وجہ سے آنے والے دنوں میں ساری دنیا کو سنگین کساد بازاری کا سامنا ہوگا۔