کورونا سے 20 تا40سال عمر کے افراد بھی متاثر

   

عالمی سطح پر متاثرین میں نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ،عالمی صحت تنظیم کا بیان
حیدرآباد۔کورونا وائرس اب 20’30 اور 40سال کے افراد کو اپنا شکار بنانے لگا ہے اور اس عمر سے تعلق رکھنے والوں میں بیشتر کو اس بات کا اندازہ بھی نہیں ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے لگے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ نئی تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس کی وباء کا شکار ہونے والوں میں نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے اور نوجوان تیزی سے وباء کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔ مسٹر تکیشی کیسائی ریجنل ڈائریکٹر عالمی ادارہ صحت ویسٹرن پیسیفک نے بتایا کہ عالمی سطح پر وباء کے رجحانات میں تبدیلی ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور اب کورونا وائرس متعدد بیماریوں کے شکار افراد کے ساتھ ساتھ نوجوانوں بالخصوص 20برس سے 40 برس کے درمیان کے افراد کو اپنا شکار بنا رہا ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ ابتداء میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں 60 سال سے زائد عمر کے علاوہ دیگر بیماریوں جیسے ذیابیطس ‘ امراض قلب اور ہائیپرٹینشن میں مبتلاء افراد کو اپنا شکار بنا رہا تھا لیکن اب ان بیماریوں میں مبتلاء افراد کے ساتھ جواں سال لوگ بھی کورونا وائرس کا شکار ہونے لگے ہیں اسی لئے اب ان لوگوں کو کافی زیادہ احتیاط کرنی ہوگی کیونکہ ان میں سے بڑی تعداد کو اس بات کا علم ہی نہیں ہے کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں اور وہ وائرس کو دوسروں میں پھیلانے کے مرتکب بن رہے ہیں ۔عالمی ادارہ صحت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ضعیف العمر شہریوں کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے دور میں ان کی بھی بڑی تعداد اس کا شکار ہوئی ہے

لیکن نوجوانوں میں اب جبکہ وائرس کی منتقلی کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں تو یہ صورتحال مزید سنگین ثابت ہوسکتی ہیں کیونکہ نوجوان نسل کی حمل و نقل کے علاوہ ان کی ملاقاتوں کے دور کافی زیادہ ہونے کے علاوہ طویل ملاقاتیں ہوا کرتی ہیں جس میں نوجوانوں کے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہناہے کہ دنیا کے بیشتر تمام ممالک میں نوجوانوں کے متاثر ہونے کی خبریں موصول ہونے لگی ہیں جو کہ تشویشناک ہے اور اس میں تشویش کی ایک اور بنیادی وجہ یہ بھی ہے کہ نوجوانوں میں علامات ظاہر نہ ہونے کے سبب کورونا وائرس ان کے لئے ہلاکت خیز ثابت ہونے کے خدشات میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اسی لئے محتاط رہنے کے علاوہ کسی بھی طرح کی معمولی علامت اور نوجوانوں میں پائی جانے والی قوت مدافعت کو مستحکم رکھنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ مستحکم قوت مدافعت کے ذریعہ ہی کورونا وائرس کا شکار ہونے سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔