کورونا علاج کو آروگیہ شری اسکیم کے تحت شامل کیا جائے

   

Ferty9 Clinic

وزیر صحت راجندر سے بھٹی وکرمارکا اور سریدھر بابو کی ملاقات، ٹسٹوں میں اضافہ کا مطالبہ
حیدرآباد: سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا اور کانگریس رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو نے آج وزیر صحت ای راجندر سے ملاقات کی اور کورونا کیسیس میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا ۔ کانگریس قائدین نے غریب عوام کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کیلئے آندھراپردیش کی طرز پر کورونا کو آروگیہ شری اسکیم کے تحت شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے وزیر صحت کو یادداشت پیش کی اور سرکاری ہاسپٹلس میں ٹسٹ اور علاج کی سہولتوں میں اضافہ کی ضرورت ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عثمانیہ ہاسپٹل کی فوری تعمیر کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مرکز نے عثمانیہ ہاسپٹل کے احاطہ میں کھلی اراضی پر نئی عمارت کی تعمیر کی ہدایت دی تھی ۔ وزیر صحت سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ عوام کورونا کے پھیلاؤ سے خوفزدہ ہیں لیکن حکومت بہتر علاج میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر جیسے چیف منسٹر اور ٹی آر ایس جیسی حکومت عوام کیلئے راحت کے بجائے عذاب بن چکی ہے۔ عوام کو مصیبت میں چھوڑ کر چیف منسٹر فارم ہاؤز منتقل ہوگئے۔ تلنگانہ کا موجودہ قرض تین لاکھ کروڑ تک پہنچ چکا ہے لیکن حکومت مزید قرض حاصل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کو پراجکٹس کے افتتاح سے فرصت نہیں اور وزیر بلدی نظم و نسق کے لئے وہ شہریان حیدرآباد کو کورونا سے بچانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ کانگریس قائدین نے سکریٹریٹ کی نئی عمارت پر 500 کروڑ خرچ کرنے کے بجائے طبی سہولتوں کو بہتر بنانے یہ رقم خرچ کرنے کا مطالبہ کیا۔