کورونا قواعد میں پنجاب کانگریس کی انوکھی مہم

   

منفرد ویڈیو جاری، کانگریسیوں کو سوپر ہیروز اور اپوزیشن کو ویلن بتایا گیا
چنڈی گڑھ: کورونا قواعد کے پیش نظر انتخابی ریالیوں پر پابندیوں کے دوران پنجاب کانگریس نے آنے والے اسمبلی انتخابات کے لیے ایک انوکھے انداز میں مہم چلانے کا ایک منفرد ویڈیو جاری کیا ہے جس میں کانگریسیوں کو ہالی ووڈ فلم “ایوینجرز” کے سوپر ہیروز کے طور پر اور اپوزیشن جماعتوں کو ولن کے طور پر دکھایاگیا ہے ۔ہیش ٹیگ کانگریس ہی آئے گی کے ساتھ ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ہے کہ‘‘ہم اپنی پیاری ریاست کو پنجاب اور اس کے عوام کے مفادات کے خلاف کام کرنے والی بری طاقتوں کے چنگل میں آنے سے روکنے کے لیے جو کچھ کر سکتے ہیں کریں گے ۔34سیکنڈ کے ویڈیو کلپ میں فلم ’ایوینجرز انفینٹی وار‘ کا کلائمیکس سین استعمال کیا گیا ہے اور اس میں وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چنی (تھور)، نوجوت سدھو (کیپٹن امریکہ)، سنیل جاکھڑ (گروٹ)، پرتاپ سنگھ باجوہ (بلیک پینتھر) اور راہل گاندھی (ہلک) کو سوپر ہیروز کے طور پر دکھایا گیا ہے اور وزیر اعظم مودی (کل اوبسیڈین) اور کجریوال (پروکسیما)، کیپٹن امریندر سنگھ اور سکھبیر بادل کو ایلین کے طور پر دکھایا گیا ہے ۔ریاست میں حکمراں کانگریس عام آدمی پارٹی ، شرومنی اکالی دل کے ساتھ بی جے پی پنجاب لوک کانگریس اور اکالی دل (یونائیٹڈ) کے ساتھ سخت مقابلہ کر رہی ہے ۔